اٹک،سکھوں کے مذہبی تہوار میلہ بیساکھی مین شرکت کیلئے امریکہ ، برطانیہ ، کینیڈا اور بھارت سے سکھ یا تریوں کا حسن ابدال کا رخ

بھارت سے آنیوالے سکھ یاتریوں کا شاندار استقبال کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر، ڈی پی اوعبادت نثار نے مذہبی تہوار کو ہر اعتبار سے فول پروف بنانے کیلئے ضروری ہدایات جاری کر دی

پیر 26 مارچ 2018 22:48

اٹک،سکھوں کے مذہبی تہوار میلہ بیساکھی مین شرکت کیلئے امریکہ ، برطانیہ ..
اٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2018ء) سکھوں کا سالانہ مذہبی تہوار میلہ بیساکھی ہر سال گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں انتہائی تزک و احتشام کے ساتھ منایا جاتا ہے اس مذہبی تہوار میں شرکت کیلئے امریکہ ، برطانیہ ، کینیڈا اور بھارت سمیت بڑی تعداد میں سکھ یاتری حسن ابدال کا رخ کرتے ہیں اندرون سندھ اور خیبر پختونخواہ سے بھی ہزاروں کی تعدا دمیں آنے والے سکھ یاتریوں کی تعداد اس کے علاوہ ہے اپریل کی گیارہ تا تیرہ تاریخ تک جاری رہنے والے اس میلہ کے انتظامات کیلئے مختلف کمیٹیاں بنتی ہیں ، کام کو تقسیم کیا جاتا ہے ، ہر محکمہ اپنی ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھانے کی کوشش کرتا ہے گرشتہ دنوں ڈسٹرکٹ کمشنر اٹک رانا اکبر حیات اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار نے اس مذہبی تہوار کو ہر اعتبار سے فول پروف بنانے کیلئے گوردوارہ سری پنجہ صاحب میں انتظامی افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کیں اس اجلاس میں مقامی DSPحفیظ احمد اولکھ ، اسسٹنٹ کمشنر محترمہ جنت حسین نیکو کارہ ، چیئرمین میونسپل کمیٹی ظہیر احمد خان بھٹیانوالہ ، چیف آفیسر ساجد علی خان ، SDOواپڈا نقیب اللہ ، سٹیشن ماسٹر عبدالمنان ، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر محمد عبداللہ اویس ، کیئر ٹیکر عصمت اللہ خان مروت ،OTD عالمزیب ، ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ،AFCفوڈ محمد مسعود ، انچارج 1122،بینک اور ڈاکخانے کے ذمہ دار افسران موجود تھے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بھارت سے آنیوالے سکھ یاتریوں کا ریلوے سٹیشن پر سابقہ روایات کے مطابق پر تپاک استقبال کیا جائے گا ، جہاں ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران ، چیئرمین میونسپل کمیٹی ،ذمہ دارافسران اور معززین علاقہ موجود ہوں گے سکھ قائدین کے گلوں میں پھولوں کے ہار اور مالا ڈالی جائیں گی اور چیئرمین ایم سی ظہیر احمد بھٹیانوالہ کی طرف سے سکھ یاتریوں میں مٹھائی تقسیم کی جائے گی گوردوارے کے اندر صرف بیرون ملک سے آنے والے سکھ یا تریوں کو رہائش رکھنے کی اجازت ہو گی لوکل کوئی سکھ یاتری اپنے سامان کے ساتھ گوردوارے میں داخل نہیں ہو سکے گا۔

(جاری ہے)

لوکل سکھ یاتریوں کیلئے گوردوارے کے قریب سکول رہائش کیلئے میسر ہوں گے ، یا تریوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے مختلف جگہوںپر ضرورت کے مطابق 13واک تھرو گیٹ لگائے جائیں گے خفیہ کیمروں کے ذریعے گوردوارے میں داخل ہونے والے ہر شخص پر نظر رکھی جائے گی یاتریوں کے علاوہ متعلقہ تمام افراد کو گوردوارے میں آنے جانے کیلئے سیکیورٹی پاس جاری کیئے جائیں گے ۔

ڈپٹی کمشنر رانا اکبر حیات نے کہا کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی پر سخت گرفت ہو گی۔ ہمارا مثبت رویہ اور اچھا اخلاق آنے والے مہمانوں کے لئے قابل رشک ہو نا چاہیے ،اس مذہبی تہوار کے پر امن انعقاد میں ہی ہم سب کی کامیابی اور پاکستان کی نیک نامی کا راز مضمر ہے جس کیلئے ہم سب نے مل کر کو شش کرنی ہے ۔22مارچ کو 31رکنی عراقی سکالرز کے ایک وفد نے گوردوارہ سری پنجہ صاحب کا دورہ کیا ، علامہ مسلم عباس سقبان کی قیادت میں آنے والے اس وفد کے دورے کے انتظامات وزارت مذہبی امور نے کئے تھے علامہ موصوف نے کہا کہ ہم نسیم کربلا کے نام سے پیغام حسینؓ کو عام کرتے ہیں مسالک اور مذاہب کی وابستگی سے بالا تر ہو کر انسانیت تک یہ آفاقی پیغام پہنچانے کیلئے ہم مختلف جگہوں پر جاتے ہیں آج یہاں گوردوارہ سری پنجہ صاحب میں رہائش پذیر سکھ بھائیوں کیلئے بھی پیغام محبت لیکر آئے ہیں ۔

دین اسلام امن و آشتی کا دین ہے جو حقو ق مانگنے سے پہلے فرائض کی ادائیگی پر زور دیتا ہے ۔برداشت اور رواداری کا درس ہے۔یہی وجہ ہے کہ حضرت امام حسین ؓ سے عقیدت و محبت رکھنے والے عشاق مختلف ممالک سے آکر ان ؓ کے مزار پر حاضری دیتے ہیں ہم ہر سال کربلا معلی عراق سے نسیم کربلا کے نام سے پیغام محبت امام حسین ؓ لیکر مختلف مما لک میں جاتے ہیں آج یہاں گوردوارہ سری پنجہ صاحب کا دورہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ اس موقع پر سکھ قائدین نے وفد کو گوردوارہ سری پنجہ صاحب کی عمارت کے مختلف حصے دکھائے جس پر وفد نے ان کا شکریہ ادا کیا ۔