پاکستان کی ترقی خواب سے حقیقت بن چکی ہے ،گورنرپنجاب

پیر 26 مارچ 2018 23:34

پاکستان کی ترقی خواب سے حقیقت بن چکی ہے ،گورنرپنجاب
ملتان۔26 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی خواب سے حقیقت بن چکی ہے، اللہ پاک کی دی ہوئی بے شمار نعمتوں سے مالا مال یہ ارض وطن منفرد جغرافیائی اہمیت کی حامل ہے، آج کی نوجوان نسل بے پناہ صلاحیتوں کی حامل ہے ہمیں احساس تحفظ ہے کہ ہمارا مستقبل محفوظ اور باصلاحیت ہاتھوں میں ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویمن یونیورسٹی ملتان کے دوسرے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت اقصی، سنڈیکیٹ ممبر ایم پی اے شمیلہ اسلم، ارکان صوبائی اسمبلی حاجی احسان الدین قریشی، مہدی عباس لنگاہ، خولہ امجد، سلطانہ شاہین، میئر ملتان کارپوریشن چودھری نوید ارائیں، سابق ایم پی اے چودھری وحید ارائیں طالبات اور ان کے والدین نے شرکت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا لوگ منفی سیاسی ہتکنڈوں کے بارے میں جان چکے ہیں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب میں بے شمار ترقیاتی کام کرائے ہیں، ویمن یونیورسٹی، نشتر میڈیکل یونیورسٹی، کڈنی سنٹر، نواز شریف زرعی یونیورسٹی، برن یونٹ، ڈی ایچ کیو ہسپتال، کھیت سے منڈی تک سڑکیں اور بہت سے منصوبوں کو سیاسی مخالفین تعصب کی عینک اتار کر دیکھیں تو انہیں ترقی نظر آئیگی، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ خواتین کو ان کی دہلیز پر اعلی تعلیم کے جو مواقع فراہم کئے ہیں یہ انہی کا ثمر ہے کہ ہماری بچیوں کی ایک بڑی تعداد اعلی تعلیم حاصل کر رہی ہے اور میڈل حاصل کرنے والوں میں 90 فیصد ہماری بچیاں ہیں، انہوں نے کہا کہ والدین بچیوں کی اعلی تعلیم کے بعد انہیں گھر بٹھا کر ان کی صلاحیتوں کو ضائع نہ کریں بلکہ انہیں اس وطن کی مٹی کی محبت کا قرض اتارنے کا موقع دیں، ہماری یہ ہونہار بیٹیاں ہمارا مان ہیں ہمیں ان پ پر فخر ہے انہیں دیکھ کو وطن کے محفوظ مستقبل کا احساس ہوتا ہے، گورنر پنجاب نے طالبات سے مخاطب ہو کر کہا کہ ڈگری کے حصول کی خوشی اپنی جگہ اب آپ کو عملی زندگی میں قدم رکھنا ہے،ایک نئے سفر میں ذمہ داریوں کا بوجھ آپ کے کاندھوں پر ہوگا اپنے خواب بلند رکھیں ستاروں پر کمند ڈالیں اور پاکستان کی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ ’’تم ہو پاکستان چھو لو آسمان‘‘، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے بی ایس پروگرام اور ایم فل کرنے والی 26 طالبات میں میڈل تقسیم کئے، اس موقع پر 606 طالبات نے ڈگریاں حاصل کیں، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت اقصی نے یونیورسٹی کی کارکردگی اور مسائل سے آگاہ کیا، بعد ازاں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے ویمن یونیورسٹی نئے اکیڈمک بلاک اور ایڈمن بلاک کا افتتاح کیا۔

متعلقہ عنوان :