سپریم کورٹ ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے شناختی کارڈ کے اجراء کی مد میں اضافی فیس کی وصولی سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت

وزیر داخلہ احسن اقبال کی دو ہفتوں کے اندر نائیکوپ کی فیس کا معاملہ کابینہ سے منظور کرانے کی یقین دہانی

پیر 26 مارچ 2018 23:34

سپریم کورٹ ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے شناختی کارڈ کے اجراء کی مد ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2018ء) سپریم کورٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے شناختی کارڈ کے اجراء کی مد میں اضافی فیس وصولی سے متعلق از خود نوٹس کیس میںوفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی جانب سے دو ہفتوں کے اندر نائیکوپ کی فیس کا معاملہ کابینہ سے منظور کرانے کی یقین دہانی پرمزید سماعت دوہفتوں کیلئے ملتوی کردی ہے ،پیرکوچیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے تارکین وطن پاکستانیوں سے شناختی کارڈ کی زائد فیس وصولی سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کی ، اس موقع پرچیف جسٹس نے استفسارکیا کہ کیا وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال عدالت میں موجود ہیں، جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ وفاقی وزیرعدالت میں موجود ہیں۔

چیف جسٹس نے وفاقی وزیر سے استفسارکیا کہ کہیں وہ عدالت کے بلانے پر ناراض تو نہیں ہوئے جس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے ناراض ہو کر کہاں جانا ہے، ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اورآئندہ بھی کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے چیف جسٹس سے کہا کہ آج میں بھی عدالت میں ا یک عوامی مفاد سے متعلق مسئلے کی شکایت کروں گا،مسئلہ یہ ہے کہ میں نے 7 سال قبل نارووال میں لڑکوں اور لڑکیوں کا کالج بنانا چاہا تھا ، جس پر میں نے کام کیا جس کے نتیجے میں بوائزکالج بن گیا ہے لیکن گرلز کالج کے معاملے پر ہائیکورٹ نے حکم امتناع جاری کردیا ہے جس پر چیف جسٹس نے ا ن سے کہا کہ آپ کل یہاں کیس لے آئیں ہم اسے حل کرتے ہیں، آپ پہلی دفعہ یہ معاملہ ہمارے نوٹس میں لائے ہیں، اگر پہلے نوٹس میں لایا جا تا تو ہم کچھ کرتے، عدالتیں عوام اور سرکار کی دوست ہیں، آپ اپنے مقدمے کی فائل لے کر آجائیں۔

سماعت کے دورا ن چیف جسٹس نے ان سے سمندر پار پاکستانیوں کو ریلیف دینے سے متعلق رپورٹ ایک ہفتے میں طلب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ہر حال میں ریلیف دیا جائے، وہ ملک میں زرمبادلہ لاتے اور ملک سے محبت کرتے ہیں، ہم نے اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملے، ہم مقامی لوگوں کو بھی بالکل تنگ نہیں کرنا چاہتے، وفاقی وزیر احسن اقبال نے عدالت کوبتایا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی آمدن زیادہ ہے ،جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ان سے کہا کہ جوسبسڈی مقامی طور پر لوگوں کودی جاتی ہے وہ بیرون ملک پاکستانیوں کو بھی دی جائے، جس پروفاقی وزیرنے عدالت کویقین دہانی کرائی کہ تارکین وطن پاکستانیو ں کوریلیف دینے کا معاملہ بہت جلد کابینہ سے منظورکرایا جائے گا ، جس پر عدالت نے مزید سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :