Live Updates

مخالفین تحریک انصاف کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں،پرویزخٹک

تمام سیاسی مخالفین اتحاد بنائیں ان سب کو2018 کے انتخابات میں تحریک انصاف عوام اور نوجوانوں کی قوت سے چلتا کرے گی ، ہمارے مخالفین اکیلے ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتے ہمیں ان کے اتحاد کا چیلنج قبول ہے اے این پی ، پی پی پی ، مسلم لیگ ن اور متحدہ مجلس عمل نے اپنی اپنی حکومتوں میں غریب عوام کو مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دیا،وزیراعلی خیبرپختونخوا

پیر 26 مارچ 2018 23:07

مخالفین تحریک انصاف کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں،پرویزخٹک
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2018ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ مخالفین تحریک انصاف کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں انھوں نے تمام سیاسی مخالفین کو چیلنج کیا کہ وہ اتحاد بنائیں ان سب کو2018 کے انتخابات میں تحریک انصاف عوام اور نوجوانوں کی قوت سے چلتا کرے گی حقیقت یہ ہے کہ ہمارے مخالفین اکیلے ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتے ہمیں ان کے اتحاد کا چیلنج قبول ہے اے این پی ، پی پی پی ، مسلم لیگ ن اور متحدہ مجلس عمل نے اپنی اپنی حکومتوں میں غریب عوام کو مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دیا سب نے کرپشن کے ریکارڈ توڑے اور سرمایہ بیرو ن ممالک منتقل کیا باریاں بانٹنے والے سن لیں 2018، کے انتخابات میں عوام پورے ملک کی سطح پر عمران خان اور تبدیلی کا ساتھ دیں گے کیونکہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے صوبے میں کرپشن میں واضح کمی آچکی اور میرٹ اور انصاف کا بول بالا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

غریب نوجوانوں کو روزگار ان کی دہلیز پر ملا اور صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ قابل اور حقداروں کو ملازمتیں ملیں۔ اداروں سے سیاسی مداخلت ختم کردی اب استاد، پٹواری ،پولیس اور دیگر سرکاری ملازمین پر کوئی سیاست نہیں کرسکے گا اورنہ ہی پختونخوا کے عوام اسلام ، روٹی کپڑا مکان اور قائد اعظم کے پاکستان کے نعروں سے دھوکہ کھا ئیں گے وہ امان کوٹ نوشہرہ میں ضلعی کونسلر ذوالفقار عزیز کی رہائش گاہ پر جلسے سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پرعبدالہادی نے اے این پی، داود خان، عزیر خان، شیر از، فاضل ،مظہر خان نے قومی وطن پارٹی سے اور مبین خان ڈاکٹر نصراللہ خان اور عدنان خان کے خاندان نے مسلم لیگ ن سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان کیا۔ جلسے سے ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک ، ضلع ناظم لیاقت خان خٹک،وزیر اعلیٰ کے صاحبزادے اسحق خٹک تحصیل ناظم پبی میاں مرتضیٰ الرحمن ، ایم پی اے عارف یوسف ،ضلعی کونسلر ذوالفقار عزیز اور حاجی فدا خان نے بھی خطاب کیا۔

وزیر اعلیٰ نے نئے شامل ہونے والوں کوتحریک انصاف کی ٹوپیاں پہنائیں ۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خان خٹک نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے حقیقی معنوںمیں صوبے میں تبدیلی لائی۔ سابقہ حکمرانوںنے ہمیشہ غریب عوام کے ساتھ جھوٹے نعروں اور وعدوں کی سیاست کی اور اپنے وعدوں سے مکر گئے عوام اب پختونوں، روٹی کپڑا مکان، قائد اعظم کے پاکستان اور اسلام کا نعرہ لگانے والوں کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔

نواز شریف کے اور اب شہباز شریف کی باری ہے آصف علی زرداری بھی احتساب سے نہیں بچ سکیں گے انہوں نے کہا کہ مخالفین تحریک انصاف پر بے جا تنقید کرکے خود کو سیاست میں زندہ رکھنا چاہتے ہیں۔وہ عوام کو بتائیں کہ انھوں نے اپنے دور حکومت میں اپنی تجوریاں بھرنے کے سوا عوام کی کیاخدمت کی۔مخالفین 2018کے انتخابات جیتنے کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں وہ چاہے جتنے اتحاد بنا لیں تحریک انصاف کے جنون کا مقابلہ ان کے بس کی بات نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ عوام باشعور ہیں وہ اپنے بہترمستقبل کے لئے کھر ے اور کھوٹے کی تمیز کرسکتے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان قوم و ملک کے روشن مستقبل اور لوٹی ہوئی رقم واپس پاکستان لانے کی جنگ لڑ رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ سابق حکمران الیکشن جیتنے کے بعد غائب ہوجاتے ہیں۔ میں اور میرا خاندان ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خان خٹک، ایم این اے ڈاکٹرعمران خٹک، تحصیل ناظم نوشہرہ احد خٹک ، اورمیرا صاحبزادہ اسحق خٹک میر ے سمیت ہر وقت عوام میں موجود رہتے ہیں وزارت اعلیٰ کا منصب ہونے کے باوجود میں عوام کے درمیان موجود رہا اور نہ پروٹوکول رکھا ۔

میں نے کبھی جھنڈوں کی سیاست نہیں کی اور نہ کروں گا میرا رابطہ ہمیشہ عوام کے ساتھ رہا ہے اور رہے گا۔ نوشہر ہ کے عوام نے جو اعتماد مجھ پر کیا اس پر میں ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں میں نے عوام کو نہ کبھی مایوس کیا ہے اور نہ کروں گا۔ انھوں نے کہا کہ نوشہرہ کے عوام نے جس طرح سابقہ انتخابات میں مجھ پر اورمیرے خاندان پر بھر پور اعتماد کیا اسی طرح انشاء اللہ آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

انھوں نے کہا کہ 2013 کے عام انتخابات اور بلدیاتی انتخابات میں ہمیشہ نوشہرہ کے عوام نے تحریک انصاف کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروایا۔ صوبائی حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم نے صوبے میں ریکارڈ اصلاحات اور قانون سازی کی۔ایک ایسا نظام وضع کیا جس میں لوگوں کو انصاف، میرٹ کی بالادستی، رشوت، کرپشن اور لوٹ مار کا خاتمہ ممکن ہوگیا اور عوام اور صوبہ ترقی کرنے لگا۔

تحریک انصاف نے اداروں سے سیاست کاخاتمہ کردیا ہے صحت اور تعلیم کے شعبے میں اصلاحات، تھانہ پٹوار کلچر میں تبدیلی عوام کو نظر ارہی اورعوام اس سے مستفید ہورہے ہیں انھوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں ٹھیکے فروخت ہوتے تھے۔ تبالوں اور تقریوں پر کمیشن وصول کیا جا تا۔ اے این پی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نوشہرہ آکر تحریک انصاف کی حکومت اور قائدین پر تنقید کررہے ہیں وہ بتائیں کہ انھوں نے اپنے دور حکومت میں عوام اور صوبے کی کیا خدمت کی۔

اے این پی کا پیر پیائی جلسہ جس کو وہ پاور شو کہتے ہیں بالکل ناکام رہا۔ انھوں نے کہا کہ عوام نے مکر و فریب کی سیاست ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ختم کردی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی قیادت میںہم اس ظالم نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے اور نظام کی تبدیلی کے لئے نظر آنے والی کوششیں کی ہیں۔انھوں نے کہا کہ تبدیلی کا سفر جاری رہے گا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کو عوام کی فکر ہے اس لئے عوام نے ان پر اعتماد کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ 2018کے عام انتخابات میں تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی اورنہ صرف چاروں صوبوں بلکہ وفاق میں بھی تحریک انصاف کی حکومت ہوگی۔ اور عمران خان ہی اس ملک کے وزیر اعظم ہوں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات