ڈاکٹرعبدالقدیرخان (کل) نظریہ پاکستان کونسل کے تحت منعقدہ گولڈ میڈل ایوارڈز تقریب کی صدارت کریں گے

پیر 26 مارچ 2018 22:59

ڈاکٹرعبدالقدیرخان (کل) نظریہ پاکستان کونسل کے تحت منعقدہ گولڈ میڈل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2018ء) محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان (کل) منگل کو صبح 10 بجے ایوانِ قائد فاطمہ جناح پارک میں نظریہ پاکستان کونسل کے تحت منعقدہ گولڈ میڈل ایوارڈز تقریب کی صدارت کریں گے۔ تقریب میں صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان اور مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ مہمانانِ خصوصی ہوں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سائنس و ٹیکنالوجی، اقبالیات، فروغِ تعلیم، کھیل، ایجادات، اختراعات، سماجی خدمات، علم و ادب اور خصوصی افراد کی بہبود کے حوالے سے پاکستان میں یا بیرون ملک نمایاں خدمات انجام دینے والے باصلاحیت پاکستانیوں کو شعبہ خدمات کی مناسبت سے قائداعظم، علامہ اقبال، محترمہ فاطمہ جناح، سرسید احمد خان، ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور شاہین کے ناموں سے منسوب گولڈ میڈلز عطا کئے جائیں گے۔ ایوارڈز کی تقسیم کا یہ سلسلہ نظریہ پاکستان کونسل کی تحت2006ء سے جاری ہے جس میں اب تک 200 سے زائد باکمال شخصیات کو اعزازات دیئے جا چکے ہیں۔ تقریب میں ایوارڈ یافتگان کے علاوہ ان کے احباب، سماجی کارکن، ذرائع ابلاغ کے نمائندے اور سول سوسائٹی کے افراد کثیر تعداد میں شرکت کریں گے۔