پاکستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے سرمایہ کاری کیلئے مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ،ْوزیر اعظم

پیر 26 مارچ 2018 22:55

پاکستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے سرمایہ کاری کیلئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے جس کی بدولت ملک میں سرمایہ کاری کے لئے مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ وہ پیر کو مٹسوبشی کارپوریشن کے سینئر نائب صدر سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔

مٹسوبشی کارپوریشن اور ڈائمنڈ گیس انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ کے وفد کی قیادت مٹسوبشی کارپوریشن کے سینئر نائب صدر کی می ہیدی اینڈو نے کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی اور سینئر سرکاری حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے پاکستان میں مٹسوبشی کارپوریشن کی متنوع سرمایہ کاری کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے وفد کو بتایا کہ حکومت نے ملک و درپیش توانائی مسائل کے حل کے لئے کئی بڑے توانائی منصوبے شروع کئے۔

کی می ہیدی اینڈو نے پاکستان میں مٹسوبشی کارپوریشن کی سرگرمیوں میں پاکستان کی طرف سے فراہم کی جانے والی معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے توانائی منصوبوں میں سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کی خواہش ظاہر کی۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مٹسوبشی جاپان کی سب سے بڑی تجارتی کمپنیوں میں سے ایک ہے اور اس کا شمار انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، لاجسٹکس، توانائی، دھاتوں، مشینری، کمیکلز، گھریلو اشیاء کی تیاری کرنے والی دنیا کی ممتاز کمپنیوں میں ہوتا ہے۔ مٹسوبیشی کارپوریشن کے پاکستان میں کئی مشترکہ منصوبے جاری ہیں اور یہ پاکستان کا تیسرا ایل این جی ٹرمینل بھی قائم کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :