فیصل آباد،محکمہ ماحولیات کے زیر اہتمام ورلڈ ارتھ آور منایا گیا

اتوار 25 مارچ 2018 21:30

فیصل آباد۔25 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2018ء)حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ ماحولیات کے زیر اہتمام ورلڈ ارتھ آور منایا گیا ،اس سلسلے میں گارڈنز کلب اور روٹری کلب کے زیر اہتمام ایک تقریب کینال روڈ پر منعقد ہوئی جس میں رات ساڑھے آٹھ بجے ایک گھنٹہ کے لئے برقی لائٹس بند کر دی گئیں۔اس تقریب میں بچوں سمیت فیملیز نے شرکت کی اور تقریب کے شرکاء نے موبتیاں جلا کر عارضی روشنی کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ ماحولیات شوکت حیات نے کہا کہ ارتھ آور منانے کا مقصد دھرتی کو کثافتوں سے پاک رکھ کر اچھا ماحول برقرار رکھنے کے پیغام کو اجاگر کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زمین سے محبت کا تقاضا ہے کہ اسے ماحولیاتی آلودگی سے بچایا جائے اور غیر ضروری لائٹس کو بند رکھ کر نہ صرف توانائی کی بچت ہو سکتی ہے بلکہ صاف ستھرے ماحول کو پروان چڑھایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ماحولیاتی تحفظ کے لئے تحفظ کے لئے مختلف اقدامات کر رہی ہے لہذا شہریوں کو چاہئے کہ وہ دھرتی سے پیار کا ثبوت دیتے ہوئے اسکے تحفظ کے لئے مشترکہ ذمہ داریاں ادا کریں۔