حکومت پنجاب کی طرف سے مسیحی برادری کے 794 مستحقین میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب

اتوار 25 مارچ 2018 21:30

فیصل آباد۔25 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2018ء) حکومت پنجاب کی طرف سے مسیحی برادری کے 794 مستحقین میں امدادی گرانٹ کے 39 لاکھ 70 ہزار روپے مالیت کے چیکس تقسیم کئے گئے ہیں۔ یہ چیکس ڈ پٹی کمشنر سلمان غنی نے مستحق مسیحی مرد و خواتین میں تقسیم کئے ۔ اس موقع پر ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم کے علاوہ مسیحی برادری کے نمائندے لالہ رابن ‘ فاروق ایوب ‘ ارشد پرویز ‘ منیر شاہد ‘ یونس شہزاد و دیگر موجود تھے ۔

ڈپٹی کمشنر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت غریب عوام کی بہبود کے لئے متعدد فلاحی منصوبوں پر عمل پیرا ہے اور ضلعی انتظامیہ بھلائی کے ان اقدامات کے ثمرات حق داروں تک پہنچانے کے لئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر مستحق شہری کا بلا امتیاز خیال رکھا جارہا ہے تاکہ ان کی معاشی مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری ملکی تعمیر و ترقی کے لئے دیگر ہم وطنوں کے شانہ بشانہ یکساں کردار ادا کر رہی ہے اور ان کی قومی خدمت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں لہذا ان کے مسائل کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اور صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو کی ہدایات پر کرسمس و ایسٹر گرانٹ مستحق مسیحی افراد تک شفاف انداز میں پہنچائی جاری ہے اور آئندہ بھی ان کی ضروریات کا مکمل خیال رکھا جائیگا ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اقلیتی برادری کے لئے سرکاری ملازمتوںکے کوٹہ اور تعلیمی وظائف کی فراہمی سمیت دیگر مراعات و سہولیات کے اقدامات پر عملدرآمد کیا جارہا ہے ۔

اس موقع پر مسیحی نمائندگان نے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اور صوبائی وزیر اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مستحق مسیحی خاندان کی کفالت کے منصوبے قابل ستائش گہیں ۔ تقریب کے آغاز میں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی ‘ قومی یکجہتی اور امن سلامتی کی دعا کی گئی۔