ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کی روک تھام کے لیے خصوصی سکواڈ بنائے جائیں جو ان خلاف ورزیوں کو روکنے کے ذمہ دار ہوں،شہریوں کا مطالبہ

اتوار 25 مارچ 2018 21:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2018ء) ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کی روک تھام کے لیے خصوصی سکواڈ بنائے جائیں جو ان خلاف ورزیوں کو روکنے کے ذمہ دار ہوں ۔شہریوں نے اے پی پی کو بتایاکہ شہر کے مختلف علاقوں صادق آباد ،شکریال ،چکلالہ ، آر اے بازار،ڈھوک سیداں ،مصریال ،لالہ زار ، اسلم مارکیٹ ،خیابان میراں بخش ٹنچ بھاٹہ ،بھاٹہ چوک ،سمیت دیگر علاقوں میں شادی بیاہ کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ اور آتش بازی معمول بن گئی ہے جس سے شہری ایک عذاب میں مبتلا ہیں تاھم راولپنڈی پولیس کی جانب سے خاطر خواہ اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے شادی بیاہ پر دیدہ دلیری سے ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کا سلسلہ جاری و ساری ہے ۔

شہریوں نے مطالبہ کیاکہ ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کی روک تھام کے لیے خصوصی سکواڈ بنائے جائیں جو شہر بھر میں شادی بیاہ کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ اور آتش بازی روکنے کے ذمہ دار ہوں ۔

(جاری ہے)

شہریوں نے بتایاکہ پولیس تھانہ صادق آباد کے علاقوں میں اور تھانہ آر اے بازار کی چوکی شاہ فیصل کی حدود میں اسلم مارکیٹ ،خیابان میراں بخش ٹنچ بھاٹہ و گرد و نواح میں ہونے والی شادی بیاہ کی تقریبات میں سرعام ہوائی فائرنگ کی جاتی ہے اور رات گئے تک آتش بازی کا سلسلہ جاری رہتا ہے ۔

خیابان میراں بخش آبادی نمبر 3کے مکینوں نے بتایاکہ ظہور کار پارکنگ اور اسلم مارکیٹ میں ہونے والی شادی کی تقریب میں رات گئے کئی گھنٹوں تک ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کا سلسلہ جاری رہتا ہے ۔اسی طرح صادق آباد کے علاقے میں بھی اسی طرح کی صورتحال ہے جس سے مکینوں کا سکون غارت ہو کر رہ گیا ہے ۔مکینوں نے بتایاکہ آتش بازی اور ہوائی فائرنگ کے بارے میں متعلقہ تھانے یا چوکی کو فون کیاجائے تو عملہ شادی والے گھر جا کر شکایت کنندہ کا فون نمبر اور نام بتا کر آگاہ کرتا ہے کہ فلاں شخص نے یہ شکایت درج کروائی ہے ۔پولیس اہلکاروں کے اس رویے کی وجہ سے شہری ہوائی فائرنگ بارے اطلاع دینے سے بھی گریزاں ہو گئے جس سے قانون شکنوں کو مزید شہہ مل گئی ۔

متعلقہ عنوان :