ضلع راولپنڈی میں ابتدائی ووٹرز فہرستیں (آج)آویزاں کی جائیں گی

اتوار 25 مارچ 2018 21:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2018ء)ضلع راولپنڈی میں تصدیق شدہ ابتدائی ووٹرز فہرستیں (آج) 26مارچ سے سکولز کالجز سمیت دیگر 199اہم مقامات پرآویزاں کی جائیں گی جبکہ فہرستوں پر اعتراضات کی وصولی و جانچ پڑتال کے لیے راولپنڈی ،اٹک ،چکوال اور جہلم میں 32نظر ثانی اتھارٹیز قائم کر دی گئی ہیں ۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن راولپنڈی سے سرکاری خبر رساں ادارے کو دستیاب اعداد و شمار کے مطابق گھر گھر ووٹرز تصدیقی مہم کے اختتام پر ضلع بھر میں قائم کیے جانے والے 199ڈسپلے سنٹرز پر ووٹرز کی ابتدائی فہرستیں (آج)26مارچ سے 24اپریل تک آویزاں کی جائیں گی جبکہ ووٹرز فہرستوں پر اعتراضات وغیرہ کی وصولی بھی (آج) 26مارچ سے ہی شروع کر دی جائے گی ۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ملک سلیم اختر نے اے پی پی کو بتایاکہ اعتراضات کی وصولی اور فہرستوں کی درستگی و دعوٰی جات نمٹانے کے لیے 36یوم دیئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

جس کی تاریخ 26مارچ سے 30اپریل تک مقرر کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ووٹرز فہرستوں کے آویزاں کیے جانے کے بعد ان میں درستگی کے لیے کوئی بھی شخص محض سادہ کاغذ پر اپنی درخواست جمع کروا سکتا ہے ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں خبر ایجنسی کو بتایاکہ فہرستوں پر دعوٰی جات و دیگر درستگی کے معاملات نمٹائے جانے کے بعد حتمی فہرست مئی میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے دفتر میں آویزاں کی جائے گی۔

اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن راولپنڈی نی15جنوری سے ڈور ٹو ڈور ووٹرز ویریفکیشن مہم شروع کی تھی ۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ملک سلیم اختر نے اے پی پی کو بتایاکہ آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ووٹرز تصدیقی مہم اختتام پذیر ہو چکی ہے جس کے بعد تصدیق شدہ ووٹرز کی ابتدائی فہرستیں آویزان کی جا رہی ہیں ۔

الیکشن کمیشن راولپنڈی کے مطابق ضلع راولپنڈی میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 29,47,715ہے جن میں مرد ووٹروں کی تعداد 15,73,117جبکہ خواتین ووٹروں کی تعداد13,74,598 ہے ۔ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ ووٹر ز ویریفکیشن مہم نادرا کے جاری کردہ نئے قومی شناختی کارڈ کی بنیاد پر کی گئی ،غلط انٹری کی صورت میں ووٹر کے قومی شناختی کارڈ پر درج مستقل پتہ کے حوالے سے تصحیح کی گئی۔

الیکشن کمیشن ذرائع نے اے پی پی کو مزید بتایاکہ نادرا سے حاصل شدہ ڈیٹا کی روشنی میں فوت شدہ ووٹرز کا نام فہرست سے خارج کر دیا گیا ۔ووٹرز ویری فکیشن مہم کے فرائض 49اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسر اور 2223تصدیقی آفیسر (ویری فکیشن آفیسرز )نے سر انجام دی ۔ ملک سلیم اختر نے اے پی پی کو مزید بتایاکہ فہرستوں پر دعوٰی جات کے فیصلوں ،اعتراضات کی درستگی اور دیگر درخواستوں کو نمٹانے کے لیے چکوال کے لیے 5،جہلم کے لیے 4،اٹک کے لیے 6جبکہ ضلع راولپنڈی کے لیے 17نظر ثانی اتھارٹیز مقرر کی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایاکہ شہری ووٹرز فہرست میں اپنے ناموں کی موجودگی کی تصدیق کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300پر بھیج سکتے ہیں جبکہ مزید تفصیلات کے لیے ’’ClickECP‘‘نامی موبائل ایپ ڈائون لوڈ کر سکتے ہیں ۔ الیکشن کمیشن دفتر نے شہریوں کو ہدایت کی کہ ووٹ منتقلی کے لیے فارم 15،فہرست سے نام کے اخراج کے لیے فارم16جبکہ کوائف کی درستگی کے لیے فارم 17تمام ڈسپلے سنٹرز سے یا الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے حاصل کیے جاسکتے ہیں ۔الیکشن کمیشن ذرائع نے اے پی پی کو مزید بتایاکہ یہ پر شدہ فارمز مقررہ تاریخ سے قبل جمع کروائے جا سکتے ہیں ۔