گرمیوں کے آغاز سے قبل ہی جعلی بوتلوں کی صورت میںزہر فروخت کرنیوالو ںکے خلاف کریک ڈاؤن کا بھر پور آغاز

مضر صحت بوتلیں بنانے والی 3 جعلی فیکٹریاں جڑ سے اکھاڑ دیں،معروف برانڈز کی 30ہزار سے زائد جعلی بوتلیں برآمد عوام سے گزارش ہے کہ ہمیشہ مستند اور قابل اعتبار جگہ سے اشیا ء خورونوش خریدیں اورملاوٹ مافیا کی بروقت اطلاع دیں ‘ نورلامین مینگل

اتوار 25 مارچ 2018 21:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2018ء) گرمیوں کے آغاز سے قبل ہی جعلی بوتلوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا بھر پور آغاز کر دیاگیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور اور مضافات میں مضر صحت بوتلیں بنانے والی 3 جعلی فیکٹریاں جڑ سے اکھاڑ دیں۔ مختلف معروف برانڈز کی 30ہزار سے زائد جعلی بوتلیں برآمد کر کے تلف کر دی گئیں۔جعل ساز فیکٹری مالکان کیخلاف مقدمے بھی درج کروا دئیے گئے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورلامین مینگل نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور اور مضافات میں کاروائی کرتے ہوئے مضر صحت بوتلیں بنانے والی 3 جعلی فیکٹریاں جڑ سے اکھاڑ دیں۔ فتح گڑھ مغل پورہ میں جعل ساز فیکٹری سے 16ہزار بوتلیں برآ مد کرتے ہوئے سیل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

7 گیس سلنڈر، 2فلنگ مشین، 2کمپریسراورموٹریں بھی اکھاڑ کر ضبط کر کے مقدمہ درج کروا دیا گیا۔

جبکہ بدرو پنڈ شیرا کوٹ میں کاروائی کرتے ہوئے پہلے سے سیل کی گئی حسن بیوریج نامی جعل ساز فیکٹری کو غیر قانونی طور پر سیلیں کھول کر کام کرنے پر دوبارہ سیل کر تے ہوئے مقدمہ درج کروا دیا گیا۔6ہزار کے قریب مختلف کولا ڈرنکس، مشینری، کیمیکل اور خالی بوتلیں برآمد کر کے ضبط کر لی گئیں۔ دوسری جانب مصطفی آباد قصور میں فوڈ سیفٹی ٹیمز نے کاروائی کرتے ہوئے جعلی بوتلوں کا بڑا گودام پکڑا لیا۔

گودام میں موجود 8ہزار لیٹرجعلی بوتلیں بھی برآمد کر لی گئیں۔ مضر صحت بوتلیں 2ٹرکوں میں لوڈ کر کے مختلف شہروں میں سپلائی کے لیے بھیجی جا رہی تھیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ جعلی بوتلوں کے خطرناک فارمولے کینسرمعدے کا السر، انتڑیوں کی بیماریوں کا سبب بنتی ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی جعلی کولڈ ڈرنکس کے کاروبار کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پر عزم ہے۔

گزشتہ برس بھی 100سے زائد جعلی فیکٹریاںبنداور لاکھوں لیٹر جعلی بوتلوں سے عوام کو محفوظ کیا گیاتھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا ویجیلنس سیل پوری طرح متحرک ہے اور اب فیکٹریوں کے ساتھ ساتھ دوکانوں پر بھی سپلائی کی جانے والی بوتلوں کو چیک کیا جائے گا۔ عوام سے گزارش ہے کہ ہمیشہ مستند اور قابل اعتبار جگہ سے اشیا ء خورونوش خریدیں ۔کسی بھی شکایت کی صورت میں موبائل اپلیکیشن، فیس بک پیج یا ٹیلی فون پر شکایت درج کروایں۔ جعلی جوس، بوتل اور انرجی ڈرنکس سمیت ملاوٹ مافیا کی اطلاع دینے والے کو ایک لاکھ تک انعام دیا جائے گا۔