پی ایس ایل فائنل میرے لیے عید جیسا ہے،بھتہ خوری اور خون خون شہر اب امن کا گہوارا بن چکا ہے، وزیر مملکت مریم اورنگزیب، عابد شیر علی

کراچی میں پی ایس ایل کے فائنل کا انعقاد شہرقائد کے پھر سے روشنیوں کا شہر بننے کی دلیل ہے، نیشنل اسٹیڈیم میں صحافیوں سے گفت گو

اتوار 25 مارچ 2018 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2018ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب اور مسلم لیگی رہنما عابد شیر علی نے کہاہے کہ پی ایس ایل فائنل میرے لیے عید جیسا ہے،بھتہ خوری اور خون خون شہر اب امن کا گہوارا بن چکا ہے۔کراچی میں پی ایس ایل کے فائنل کا انعقاد شہرقائد کے پھر سے روشنیوں کا شہر بننے کی دلیل ہے وہ نیشنل اسٹیڈیم پہنچنے پرصحافیوں سے گفتگو کررہے تھے ۔

وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جس شہر میں خوف کے سائے منڈلاتے تھے،آج اسی شہر میں لوگ جوق در جوق میچ دیکھنے آ رہے ہیں شہریوں کا جذبہ اور ولولہ لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہاکہ قوم کی لازوال قربانیاں شہر قائد میں امن کی بحالی اور خوشیوں میں شامل ہیں۔مسلم لیگ نون پورے ملک کو ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنارہی ہے۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں ،دانشمندانہ فیصلوں سیملک ترقی کی راہ پرگامزن ہوا، کرکٹ کی بحالی میں نجم سیٹھی اور پی سی بی نے گرانقدر کرداد اداکیا۔

ملک میں پاکستان سپرلیگ کے میچزکاپرامن انعقاداس امرکی دلیل ہے کہ ملک میں امن بحال ہوچکاہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں امن وامان کی بہتری کے بعدکھیل کے میدان آبادہورہے ہیں وزیر مملکت نے کہا کہ صوبائی تعاون ،افواج پاکستان کی قربانیوں سے دہشتگردی مٹ رہی ہے، مسلم لیگ ن نے منشور میں کئے گئے تمام وعدے پورے کئے۔ وزیرمملکت عابد شیرعلی نے کہاکہ اب پاکستان میں بھارت اور ویسٹ انڈیز سمیت تمام ٹیمیں کرکٹ کھیلنے آئیں گی۔

طے کیا ہے کہ عام لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر میچ دیکھوں گا۔عابد شیر علی نے کہاکہ پی ایس ایل فائنل میرے لیے عید جیسا ہے۔ میاں محمد نواز شریف کے دور حکومت میں کراچی میں امن وامان قائم ہوا وزرائے مملکت نے پی ایس ایل فائنل کے کامیاب انعقاد پر پوری قوم اور بالخصوص کراچی کی عوام کومثالی ڈسپلن پرمبارکباد بھی دی۔صحافیوں سے گفتگو کے لیے عابد شیرعلی اسٹیڈیم کے باہرگاڑی سے اترے توان کی گاڑی لاک ہوگئی اوران کاسامان بھی گاڑی میں لاک ہوگیا۔بعدازاں عابد شیرعلی دوسری گاڑی میں اسٹیڈیم کے اندر گئے۔