چیف جسٹس صاحب سانحہ ماڈل ٹائون کی 14لاشیں آپکی منصفی کی منتظر ہیں، صدر پاکستان عوامی تحریک کراچی

سابق آرمی چیف راحیل شریف نے سانحہ ماڈل کے انصاف کا وعدہ پورا نہیں کیا، ہم محب وطن قانون پسند پاکستانی ہیں ہمیں قانون ہاتھ میں لینے پر مجبور نہ کیا جائے پاکستان عوامی تحریک کے اجلاس میں مشتاق صدیقی کا اظہار خیال سانحہ ماڈل ٹائون کے قتل عام میں انصاف کا مطالبہ

اتوار 25 مارچ 2018 18:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2018ء) پاکستان عوامی تحریک کراچی کا اہم اجلاس صدر PATکراچی سندھ مشتاق صدیقی کی صدارت میں صوبائی سیکرٹریٹ گلشن اقبال میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ملکی صورتحال،کراچی کے مسائل ،پارلیمانی بورڈ کے قیام،ممبر سازی مہم و دیگر امور پر غور اور حتمی فیصلہ جات کئے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق صدیقی نے کہا سابق آرمی چیف راحیل شریف نے سانحہ ماڈل کے انصاف کا وعدہ پورا نہیں کیا۔

دھرنوں نے دوران جنرل راحیل شریف نے وعدہ کیا تھا سانحہ ماڈل تائون کے قتل عام کا انصاف ملے گا مگر افسوس راحیل شریف نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا انکا نیشنل ایکشن پلان بھی کرپٹ نظام کے آگے ڈھیر ہو گیا تھا۔انھوں نے کہا ہمارے ہاں قانون صرف کمزور کیلئے ہے طاقتور کیلئے کوئی قانون نہیں یہ نظام اتنا کرپٹ ہو چکا ہے کہ جوتا مارنے والا اتنا بڑا مجرم ہے وہ جیل میں ہے اور چودہ لوگوں کا قتل عام اتنا معمولی جرم ہے کہ اس کا ایک قاتل بھی جیل جانا کجا گرفتار بھی نہیں ہوا یہ کیسا نظام عدل ہے انھوں نے کہا ہماری امن پسندی کو کمزوری سمجھا جا رہا ہے ہم محب وطن قانون پسند پاکستانی ہیں ہمیں قانون ہاتھ میں لینے پر مجبور نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

انھوں نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے اپیل کی سانحہ ماڈل پر وہ از خود نوٹس لیں اور قانون کے تقاضے پورے کرتے ہوئے غریب لواحقین کو انصاف دلائیں ۔ماڈل تائون کے شہداء کے ورثاء آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔