ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا سارا کریڈیٹ محمد نواز شریف کو جاتا ہے، مسلم لیگ ن 2018کے الیکشن میں کاکردگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کرے گی،وزیر شیخ آفتاب احمد

اتوار 25 مارچ 2018 00:40

حضرو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2018ء) وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ قوم اچھی طرح جانتی ہے کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا سارا کریڈیٹ میاں محمد نواز شریف کو جاتا ہے مسلم لیگ نون 2018کے الیکشن میں کاکردگی کی بنیاد پر حصہ لے کر کامیابی حاصل کرے گی۔ ان پانچ سالوں کے دوران حلقے کے کونے کونے میں سوئی گیس فراہم کر دی گئی۔

اٹک میں میڈیکل کالج اور زرعی یونیورسٹی کے بعد کینسر ہسپتال بھی تعمیر کی جائے گی۔ ہمیشہ اٹک کے عوام کو اپنا بھائی سمجھا ،کبھی اپنے آپ کو وزیر نہیں سمجھا بلکہ عوام کا خادم سمجھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ میں آئے ہوئے ضلع بھر کے معززین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر چیئرمین بلدیہ اٹک شیخ ناصر محمود ،ڈاکٹر میاں راشد،شیخ خالدی،شیخ غلام صمدانی کے علاوہ کثیر تعداد میں معززین علاقہ موجود تھے۔

(جاری ہے)

شیخ ٓآفتاب احمد نے کہا کہ مسلم لیگ نون ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے۔ میاں نواز شریف ہوں یا میاں شہباز شریف دونوں عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان پانچ سالوں کے دوران محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کے تعاون سے اٹک میں جو بیمثال عوامی مسائل حل ہوئے اس کی تاریخ نہیں ملتی۔ اٹک کے عوام کو پہلے مایوس کیا ہے نہ آئندہ کریں گے۔ انہوں نے معززین علاقہ کو یقین دہانی کروائی کہ 2018کے الیکشن میں مسلم لیگ نون اقتدار میں آئی تو ضلع بھر کے عوام کو سوئی گیس جیسی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ معززین علاقہ نے شیخ آفتاب احمد کی ان پانچ سالوں میں شاندار عوامی خدمات پر انکو خراج تحسین پیش کیا۔