پی ایس ایل کا پہلے لاہور اور پھر کراچی آنا خوش آئند ہے، وقار یونس

اتوار 25 مارچ 2018 00:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2018ء) اسلام آباد یونائیٹڈ کے ڈائریکٹر اینڈ ڈویلپمنٹ وقار یونس نے کہا کہ کامران اکمل کو جلد آئوٹ کرنے کی کوشش کریں گے، مصباح کی شمولیت کا حتمی فیصلہ میچ سے قبل فٹنس جانچنے کے بعد ہوگا، انجری کا شکار مصباح الحق کی فائنل میں شمولیت مشکوک ہے، میچ سے قبل فٹنس کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

حسین طلعت اور آصف علی بہت باصلاحیت کرکٹرز ہیں، پشاور زلمی کے ان فارم اوپنر کامران اکمل کو جلد آئوٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔وقار یونس نے کہا کہ پی ایس ایل کا پہلے لاہور اور پھر کراچی آنا خوش آئند ہے، کراچی کے شہری کرکٹ سے پیار کرنے والے ہیں، کافی عرصے سے کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہوئی، فائنل کیلئے کراچی کے عوام میں زبردست جوش و خروش ہے، فائنل کیلئے پچ اچھی لگ رہی ہے اور موسم بھی بہتر ہے، بڑا اسکور متوقع ہے، تمام کھلاڑی کراچی میں بھرپور پرفارمنس دینے کیلئے بیتاب ہیں، امید ہے فائنل میں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔