کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پر خوشی ہے،ڈیرن سیمی

اتوار 25 مارچ 2018 00:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2018ء) پشاور زلمی کے غیر ملکی کپتان ڈیرن سیمی نے پاکستان کو کرکٹ کے لئے بہترین جگہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پر خوشی ہے۔

(جاری ہے)

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ پاکستان آکر کرکٹ انجوائے کرتا ہوں اور امیدہے (آج) اتوار کے فائنل سے شائقین بھی خوب محظوظ ہوں گے،کراچی میں کرکٹ کی بحالی پر خوشی ہورہی ہے، پی ایس ایل کے بعد ویسٹ انڈیز ٹیم بھی پاکستان آرہی ہے جس سے فینزکو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

ڈیرن سیمی نے کہا کہ فائنل کے لئے ٹیم تیار ہے، رونکی فام میں ہیں تو کامران اکمل بھی رنگ جما رہے ہیں، کامران اکمل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، میں خود مکمل طور پر فٹ نہیں ہوں لیکن جیسے لاہور میں میدان میں اترا کل کراچی میں بھی اتروں گا۔ دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کے کپتان نے کہا کہ وہ ٹائٹل کے دفاع کی پوری کوشش کریں گے اگر ہماری ٹیم نے فائنل جیتا تو پشاور جانے کا سوچوں گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ میں زلمی میں آفریدی کا متبادل ہوں شاہد آفریدی نے ہی زلمی کو برانڈ بنایا۔

متعلقہ عنوان :