آج مادیت پرست دور میں انسانیت کی خدمت ایک غیر معمولی آفاقی جذبہ ہے ، زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو اس جذبے سے متحرک اور سر گرم کرکے انہیں بہتر بامقصد زندگی کی تشکیل کے قابل بنایا جاسکتا ہے ،گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی

ہفتہ 24 مارچ 2018 22:39

آج مادیت پرست دور میں انسانیت کی خدمت ایک غیر معمولی آفاقی جذبہ ہے ، ..
کوئٹہ۔24مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2018ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہاہے کہ آج مادیت پرست دور میں انسانیت کی خدمت ایک غیر معمولی آفاقی جذبہ ہے ، زیادہ سے زیادہ نواجونوں کو اس جذبے سے متحرک اور سر گرم کرکے انہیں بہتر اور بامقصد زندگی کی تشکیل کے قابل بنایا جاسکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہلا ل احمر بلوچستان کے سالانہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے مختلف قدرتی آفات اورہنگامی حالات میں ہلال احمر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس عمل کو جاری رکھنے سے دکھی انسانیت کی خدمت کرنے اور نئی نسل کو ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کی غرض سے خصوصی تربیت مہیا کی جانی ضروری ہے اور اسی سلسلے میں ریڈ کرسینٹ کو کلیدی اہمیت حا صل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رضا کارانہ بنیاد پر خدمت کا جذبہ اجاگر کرنے اور اسے مستقل رجحان کی شکل دینے کی ضرورت ہے ۔

گورنر نے کہا کہ ہلال احمر کی سرگرمیوں کو وسعت دینے اور تمام اضلاع میں موثر موجود گی کو یقینی بنانے کیلئے بامقصد اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں بوائے اسکاؤٹس اور گرلز گائیڈز کی خدمات حاصل کی جائیں اور انہیں متحرک کرکے خدمت خلق کے جذبے سے مستحکم اور پائیدار بنایا جائے۔ گورنر نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ چین نے حال ہی میں گوادر ہلال احمر ایمر جنسی کیئر سینٹر کے تحت ایک ہسپتال قائم کیا ہے جو یقینا علاقے کے لوگوں کی دیکھ بھال او ر علاج معالجے میں اہم کردار ادا کرے گا ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان انتہائی پسماندہ صوبہ ہے او ر عوام کی ضرورتوں کو پورا کرنے اور خاص طور سے ان کی طبی دیکھ بھال اور ناگہانی صورتحال سے نمٹنے میں دوست ممالک ، امداد مہیار کرنے والے عالمی اداروں اور خاص طور سے انٹر نیشنل ریڈ کرسینٹ سے تعاون اور امداد کی ضرورت ہوگی۔ اس موقع پر بلوچستان ریڈ کرسینٹ کے چیئرمین نے گورنر بلوچستان کو ادارے کی کارکردگی اور آئندہ کی حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا۔اجلاس میں پرنسپل سیکریٹری ٹو گورنر سجاد احمد بھٹہ اور پی پی ایچ آئی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عزیز جمالی اور بلوچستان اور ریڈ کرسینٹ کے چیئرمین میجر سردار فاضل درانی بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :