بلاول بھٹو زرداری کا پہلا الیکشن مخالفین کا آخری الیکشن ثابت ہو سکتا ہے، نگراں سیٹ اپ کیلئے وفاق میں مشاورت جاری ہے، سینئر وزیر نثار کھوڑو

گرینڈ ڈس فنکشنل الائنس میں معلوم نہیں کتنی پارٹیاں ہیں مگر اس میں افراد ضرور ہیں جو قوم کے سامنے شرمندہ ہیں صوبے کے نگران سیٹ اپ کیلئے بھی مشاورت ہو گی ، وقت آنے پر نام سامنے آ جائیں گے، پیپلز پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 24 مارچ 2018 22:35

بلاول بھٹو زرداری کا پہلا الیکشن مخالفین کا آخری الیکشن ثابت ہو سکتا ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2018ء) پیپلزپارٹی سندھ کے صدر سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑونے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا پہلا الیکشن مخالفین کا آخری الیکشن ثابت ہو سکتا ہے، نگراں سیٹ اپ کے لئے وفاق میں مشاورت جاری ہے صوبے کے نگران سیٹ اپ کے لئے بھی مشاورت ہو گی اور وقت آنے پر نام سامنے آ جائیں گے، گرینڈ ڈس فنکشنل الائنس میں معلوم نہیں کتنی پارٹیاں ہیں مگر اس میں افراد ضرور ہیں جو قوم کے سامنے شرمندہ ہیں، عمران خان کا کہنا ہے کہ سندھ والے کراچی میں حکمرانی کرتے ہیں میں اس کی مذمت کرتا ہوں، عمران خان اپنا پتا خود کاٹتے ہیں شائد انہیں ایک بار پھر معافی مانگنی پڑے، 4 اپریل کو ذوالفقار علی بھٹوکی برسی پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

وہ قاسم آباد میں صوبائی وزیر امداد علی پتافی کی رہائشگاہ پر ذوالفقار علی بھٹو کی 4اپریل کو برسی منانے کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق پی پی حیدرآباد ، میرپورخاص اور نواب شاہ ڈویژنز کے عہدیداروں سے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے، اس موقع پر صوبائی وزیر امداد پتافی ،وقار مہدی ،سید علی نواز شاہ رضوی ،راشد ربانی اوردپیپلزپارٹی کے مقامی رہنماء بھی موجود تھے۔

نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے قیام کو 50سال ہوچکے ہیں اس دوران کئی بار سازش کرکے پی پی کو توڑنے کی کوشش کی گئی مگر پی پی آج بھی قائم دائم ہے اور بلاول بھٹو زرداری کی نوجوان قیادت میں مزید منظم و مستحکم ہورہی ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس سال جنوری سے شروع ہونے والی ممبرسازی میں صرف سندھ میں30لاکھ سے زائد افراد کی ممبرسازی ہوچکی ہے، انہوں نے کہا کہ بڑی بڑی باتیں کرنے والے لوگ جو کہتے تھے کہ روک سکو تو روک لوکو ہم نے انہیں سینیٹ انتخابات میں روک دیا، انہوں نے کہا کہ پی پی حکومت نے ہی صوبائی خودمختیاری دلوائی اور این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کو ان کا حصہ دلوایا، انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ غربت کے خاتمے کے لیے بینظیر انکم سپورٹ جیسا پروگرام شروع کرکے غریبوں کی مالی معاونت کی تھر کے 2 لاکھ 78 ہزار خاندانوں کو مفت گندم فراہم کی گئی، ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ پی پی مخالف اتحاد پہلے بھی بنتے رہے ہیں اس مرتبہ بھی پی پی مخالف اتحاد کو شکست ہوگی جس طرح بلدیاتی اورضمنی انتخابات میں انہیں شکست ہوئی ہے، انہوں نے کہاکہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا یہ پہلا الیکشن ہوگا مگر بہت سے لوگوں کا یہ آخری الیکشن ثابت ہوسکتا ہے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کراچی میں خودکو سیاسی پارٹیاں کہنے والے سیف ہائوس میں بیٹھ کراتحادکی باتیں کرتے ہیں اور اس پر فخر بھی کرتے ہیں، دوسروں کے اشاروں پر چلنے والوںکو خود کو سیاسی پارٹی کہلوانہ زیب نہیں دیتا، ایک سوال پر نثار کھوڑو نے کہا کہ جب کبھی حلقہ بندیاں کی جاتی ہیں تو ان پر اعتراضات بھی ہوتے ہیں، 19 سال بعد ہونے والی مردم شماری کے تحت حلقہ بندیاں کی گئی ہیں اور اس ضمن میںمارچ کے مہینے میں الیکشن کمیشن کی طرف سے اسلام آباد میں اعتراضات جمع کروانے کا کہا گیا تھا، انہوں نے کہا کہ اعتراضات صوبائی دارالخلافوں کے الیکشن کمیشن میں داخل ہونے چاہیے جس سے وقت ضایع نہیں ہوگا، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سندھ میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہے امید ہے کہ آئندہ بھی پی ایس ایل کی طرح دیگر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیاجائے گا، وہ خودکراچی میں پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ والے اگر نظرانداز کرتے تو کراچی کا رد عمل دیکھتے، کراچی میں میچ ہے مگر کراچی کی ٹیم نہیں ہے۔