وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا ضلع کوہاٹ کا دورہ

لیاقت میموریل تدریسی ہسپتال کوہاٹ کی تعمیر نو ، تحصیل بلڈنگ گمبٹ اور ضمیر گل ڈیم پراجیکٹ کا افتتاح

ہفتہ 24 مارچ 2018 22:32

وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا ضلع کوہاٹ کا دورہ
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مارچ2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اس ملک کا المیہ یہ ہے کہ یہاں عوام کے لئے زندگی کی بنیادی ضروریات بھی پوری نہیں کی گئیںجس نظام کو عوام کا خدمت گار ہونا چاہیئے تھا بد قسمتی سے وہ مخصوص طبقے کے مفادات کا محافظ رہا ۔ اسی وجہ سے تحریک انصاف نے نظام کی تبدیلی کا بیڑا اُٹھایا تاکہ عام آدمی کے حقوق کی بحالی اور اُس کی محرومیوں کا ازالہ ممکن ہو سکے ۔

موجودہ صوبائی حکومت نے اپنے ایجنڈے کے تحت تقریباً گزشتہ پانچ سالوں میں بھر پور اقدامات کئے ۔ یہ واحد حکومت ہے جس نے عوام کی بلا امتیاز خدمت کا اسلوب متعارف کرایا ہے اور سب کو ترقی و فلاح کے یکساں مواقع دیئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ضلع کوہاٹ کے ایک روزہ دورہ کے دوران معاشرے کے مختلف طبقات کے نمائندہ وفود اور پی ٹی آئی کے مقامی قائدین و کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کوہاٹ کے ایک روزہ مصروف ترین دورہ کے دوران 1063.273 ملین روپے کی مجوزہ لاگت سے وویمن اینڈ چلڈرن لیاقت میموریل تدریسی ہسپتال کوہاٹ کی تعمیر نو کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوںنے اس موقع پر تحصیل بلڈنگ گمبٹ کا بھی سنگ بنیاد رکھا جس کا تخمینہ لاگت 139.765 ملین روپے ہے ۔ وزیراعلیٰ نے 1128.22 ملین روپے کے تخمینہ لاگت سے ضمیر گل ڈیم منصوبے کا بھی باضابطہ افتتاح کیا ۔

اس موقع پر تاجر برادری ، میڈیا ، پیرا میڈکس ، اقلیتی برادری اور دیگر مختلف طبقات کے نمائندہ وفود نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور اُنہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر امتیاز شاہد قریشی ،ایم این اے شہر یا ر خان آفریدی ، سابق گورنر خیبرپختونخوا سید افتخار حسین شاہ، ایم پی اے ضیاء الله بنگش ، ڈسٹرکٹ ناظم نسیم آفریدی اور ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

وزیراعلیٰ نے وفود کے مسائل غور سے سنے اور اُن کے حل کیلئے موقع پر موجود حکام کو ہدایات جاری کیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت صوبے بھر میں یکساں ترقیاتی حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے ۔ یہ واحد حکومت ہے جس نے حقیقی معنوں میں اختیارات نچلی سطح پر منتقل کئے اور اُس کے ساتھ وسائل بھی فراہم کئے تاکہ عام آدمی کو درپیش مشکلات کا ازالہ یقینی ہو سکے ۔

انہوںنے کہاکہ عوام کی زندگی کو مثبت تبدیلی سے ہمکنار کرنے کیلئے دستیاب وسائل کا شفاف اور منصفانہ استعمال یقینی بنایا گیا ہے ۔ پسماندہ اضلاع کو اس سلسلے میں خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عوام کی بدقسمتی ہے کہ حکمرانوں نے گزشتہ 70 سالوں میں عوام کو زندگی کی بنیادی ضروریات بھی فراہم نہیں کیں۔ موجودہ حکومت ایک طرف مجموعی طور پر نظام کی اصلاح کیلئے مصروف رہی اور دوسری طرف ماضی کے تباہ حال سٹرکچر کی بحالی کا بیڑا بھی اُٹھایا جس پر ترقیاتی بجٹ کا تقریباً80 فیصد خرچ کرنا پڑا ۔

اگر ماضی میں حکومتیں اپنی ذمہ داریوں سے وفا کرتیں تو ہم عوامی فلاح و ترقی کے سلسلے میں دو قدم اور آگے ہوتے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ بد عنوان نظام کی تبدیلی اور سیاست زدہ اداروں کی بحالی یقینی طور پر ایک مشکل کام تھا مگر ہم نے اپنے ایجنڈے پر سمجھوتہ نہیں کیا ۔ آج خیبرپختونخوا میں خدمات کی فراہمی کیلئے قابل عمل نظام کی بنیادیں رکھ دی ہیںجن کو قانون سازی کے ذریعے دیر پا بنایا گیا ہے تاکہ آئندہ غریب عوام کے ساتھ کسی کوبھی نا انصافی اور ظلم کا راستہ نہ مل سکے ۔

انہوںنے کہاکہ اُن کی حکومت نے صوبے کے ہر محکمے اور ہر شعبے میں شفافیت کو فروغ دیا ہے ۔ کلاس فور سے اوپر تمام بھرتیاں این ٹی ایس ، ایٹا یا پبلک سروس کمیشن کے ذریعے میرٹ پر کی جارہی ہیں۔ سب کیلئے مقابلے کی آزاد فضاء اور مساوی مواقع یقینی بنائے گئے ہیں جو موجودہ حکومت کا خاصہ ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کوہاٹ میڈیکل کالج کے خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے ساتھ الحاق کے سلسلے میں وفاقی حکومت سے بذات خود بات کرنے کا یقین دلایا۔

انہوںنے پیرامیڈکس ، میڈیا، تاجر ، اقلیتی برادری کے مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنے اور شہریوں کو صحت ، تعلیم اور دیگر شعبوں میں معیاری خدمات کی فراہمی بلاتعطل جاری رکھنے کی ہدایات جاری کیں اور کہاکہ اُن کی حکومت نے عوامی فلاح و ترقی کیلئے خطیر وسائل فراہم کئے ہیںان کے نتائج ہر سطح پر نظر آنے چاہئیں ۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے آستانہ عالیہ گمھکول شریف پر حاضری بھی دی جہاں انہوںنے زندہ پیر سرکار کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور موجودہ سجادہ نشین سے ملاقات بھی کی ۔

متعلقہ عنوان :