حیدرآباد، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت بناکراسے ناقابل تسخیربنادیا ہے،سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو

ہفتہ 24 مارچ 2018 22:15

حیدرآباد، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت بناکراسے ناقابل ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مارچ2018ء) سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑونے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہی ملک میں حقیقی ترقی کی داغ بیل ڈالی اورملک کو ایٹمی طاقت بناکراسے ناقابل تسخیربنادیا- انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ہی ملک کو متفقہ آئین دیااورہزاروں قیدیوں کو رہائی دلوائی- انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی4 اپریل کو عوام کے ہردلعزیزقائدشہید ذوالفقار علی بھٹوکی برسی پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیاجائیگا- وہ قاسم آباد حیدرآباد میں صوبائی وزیر امداد علی پتافی کی رہائشگاہ پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کی چاراپریل کو برسی منانے کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق پی پی پی حیدرآباد ، میرپورخاص اور شہید بے نظیر آباد ڈویزن کے عہدیداران کے ساتھ ایک اجلاس کرنے کے بعد میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے -انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو عوام کو طاقتوربنارہے تھے جو کہ کچھ قوتوں کو پسند نہ تھا - انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے آمر کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے اور تاریخ میں امر ہوگئی- انہوں نے کہا کہ پی پی پی کے قیام کو 50سال ہوچکے ہیںاور اس دوران کئی بار سازش کرکے پی پی پی کو توڑنے کی کوشش کی گئی مگر پی پی پی آج بھی قائم دائم ہے اور بلاول بھٹو زرداری کی نوجوان قیادت میں مزید منظم و مستحکم ہورہی ہے - انہوں نے کہا کہ اس سال جنوری سے شروع ہونے والی ممبرسازی میں صرف سندھ میں30لاکھ سے زائد افراد کی ممبرسازی ہوچکی ہے - انہوں نے کہا کہ ہم نے بڑی بڑی باتیں کرنے والے لوگ جو کہتے تھے کہ روک سکو تو روک لوکو ہم نے سینیٹ انتخابات میں روک دیا- انہوں نے کہا کہ پی پی پی حکومت نے ہی صوبائی خودمختیاری دلوائی اور این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کو ان کا حصہ دلوایا- انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ غربت کے خاتمے کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ جیسا پروگرام شروع کرکے غریبوں کی مالی معاونت کی جبکہ تھر کے 2 لاکھ 78 ہزار خاندانوں کو مفت گندم فراہم کیا -انہوں نے کہا کہ اس سال عام انتخابات میں عوام انہی کاموں کو مدنظررکھ کرفیصلہ دے گی - ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پی پی پی مخالف اتحاد پہلے بھی بنتے رہے ہیں اور اس مرتبہ بھی پی پی پی مخالف اتحاد کو شکست ہوگی جس طرح بلدیاتی انتخابات اورضمنی انتخابات میں انہیں شکست ہوئی ہے - انہوں نے کہاکہ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا یہ پہلا الیکشن ہوگا مگر بہت سے لوگوں کا یہ آخری الیکشن ثابت ہوگا-ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں خودکو سیاسی پارٹیاں کہنے والے سیف ہائوس میں بیٹھ کراتحادکی باتیں کرتے ہیں اور اس پر فخر بھی کرتے ہیں - انہوں نے کہا کہ دوسروں کے اشاروں پر چلنے والوںکو خود کو سیاسی پارٹی کہلوانہ زیب نہیں دیتا- ایک سوال کے جواب میں نثار کھوڑو نے کہا کہ جب کبھی حلقہ بندیاں کی جاتی ہیں تو ان پر اعتراضات بھی کیے جاتے ہیں - انہوں نے کہا کہ 19 سال بعد ہونے والی مردم شماری کے تحت حلقہ بندیاں کی گئی ہیں اور اس ضمن میںمارچ کے مہینے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے اسلام آباد میں اعتراضات جمع کروانے کا کہا گیا تھا - انہوں نے کہا کہ اعتراضات صوبائی دارالخلافوں کے الیکشن کمیشن میں داخل ہونے چاہیے جس سے وقت ضایع نہیں ہوگا-ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ میں امن امان کی صورتحال بہتر ہے اور امید کی کہ آئندہ بھی پی ایس ایل کی طرح دیگر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیاجائے گاجبکہ وہ خودکراچی میں پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے جائیں گی- اس موقع پر صوبائی وزیر امداد پتافی ،وقار مہدی ،سید علی نواز شاہ رضوی ،راشد ربانی اوردیگر پی پی پی کے مقامی رہنمابھی موجود تھی-