سری لنکا کے صدر کی اسلام آباد سے آمد، ایئر پورٹ پر گورنر سندھ نے کولمبو کے لئے رخصت کیا

ہفتہ 24 مارچ 2018 22:02

سری لنکا کے صدر کی اسلام آباد سے آمد، ایئر پورٹ پر گورنر سندھ نے کولمبو ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے اسلام آباد سے واپسی پر قائد اعظم انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری سندھ محمد رضوان میمن ، ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر بھی موجود تھے۔ ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر سری لنکن صدر سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات ، تجارتی وفود کے تبادلوں ور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ یوم پاکستان کی پریڈ میں سری لنکن صدر کی بطور مہمان خصوصی شرکت دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکن صدر کی پاکستان آمد اور پریڈ میں شرکت پر پوری پاکستانی قوم ان کی مشکور ہے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ سری لنکا پاکستان کا نہایت قریبی دوست ہے ، دونوں ممالک کے درمیان گرمجوشی پر مبنی تعلقات ہیں ،جن کی بنیاد پر باہمی احترام پر ہے، سری لنکا اور پاکستان کے عوام ایک دوسرے کے نہایت قریب ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کے مزید استحکام کے لئے باہمی تجارت میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے اس ضمن میں سری لنکن صدر کے دورہ سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ گورنر محمد زبیر نے کہا کہ پاک سری لنکا تجارتی و کاروباری روابط میں تسلسل سے اضافہ دوطرفہ تعلقات کے استحکام میں اہم ثابت ہو رہے ہیں لیکن پاکستان سری لنکا کے ساتھ سرمایہ کاری ، تجارت اور کاروباری سرگرمیوں کومزید فروغ دینے کا خواہش مند ہے اس ضمن میں سری لنکن صدر کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک سری لنکا مشترکہ اقدامات خطہ کے وسیع تر مفاد میں ہیں اس ضمن میں پاکستان سری لنکا کے ساتھ تجارتی اور کاروباری تعاون جاری رکھے گا ۔سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا نے کہا کہ سری لنکا پاکستان کی مدد اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں سری لنکا کی بھرپور مدد کی ہے، پاکستان کی معاشی ترقی اور سی پیک پر بہت زیادہ خوشی ہے۔ انہو ں نے دونوں ممالک کے درمیان مزید قریبی تعلقات کے لئے جامع اقدامات کے ضمن پر زور دیا۔ بعد ازاں گورنر سندھ نے انہیں کولمبو کے لئے رخصت کیا۔

متعلقہ عنوان :