پرویز مشرف کی وطن واپسی کے حوالے سے ’پاکستان عوامی اتحاد‘ کا مشاورتی اجلاس (کل) سے شروع ہوگا

ہفتہ 24 مارچ 2018 21:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2018ء) سابق صدر مملکت اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ سید پرویز مشرف کی وطن واپسی کے سلسلے میں 23 جماعتی ’’پاکستان عوامی اتحاد‘‘ کا مشاورتی اجلاس (کل) اتوار سے لاہور میں شروع ہو گا جو 28 مارچ تک جاری رہے گا۔ اتحادی جماعتوں کے قائدین اپریل کے پہلے ہفتے میں سندھ بھر کا دورہ کریں گے اور کراچی میں اتحاد میں شامل دیگر جماعتوں کے رہنمائوں سے مشاورت کی جائے گی۔

آل پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر اور پاکستان عوامی اتحاد کے رہنما سید فقیر حسین بخاری نے کہا کہ اے پی ایم ایل اور عوامی اتحاد کے سربراہ سید پرویز مشرف کا وطن واپسی پر فقید المثال اور والہانہ استقبال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ لاہور میں آج سے شروع ہونے والے چار روزہ مشاورتی اجلاس میں سیکرٹری جنرل محمد اقبال ڈار اور اتحاد میں شامل جماعتوں عوام لیگ کے ریاض فتیانہ ، جمیعت اہلحدیث کے سربراہ محمد زبیر احمد ظہیر ، مسیحا پارٹی کے ڈاکٹر پرویز ، عزادار کونسل لیگ کے علامہ ذوالفقار حیدر اور پاکستان کونسل مسلم لیگ کے گوہر علی خان سمیت دیگر جماعتوں کے قائدین سے سید پرویز مشرف کی وطن واپسی کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی اور ان کے بھرپور استقبال کے لئے پروگرام کو حتمی شکل دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :