سی پیک کے مشرقی اور مغربی روٹس 2019ء کے آغاز میں مکمل ہو جائیں گے ،ْ ڈائریکٹر حسن دائود

چین پاکستان اقتصادی راہداری کا دوسرا مرحلہ اقتصادی زونزکے قیام پر مشتمل ہے جن سے ملک کے صنعتی شعبے کو فروغ ملے گا ،ْانٹرویو

ہفتہ 24 مارچ 2018 21:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2018ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری کے پروجیکٹ ڈائریکٹر حسن داؤد نے کہاہے کہ سی پیک کے مشرقی اور مغربی روٹس 2019ء کے آغاز میں مکمل ہو جائیں گے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے پروجیکٹ ڈائریکٹر حسن داؤد نے ایک انٹرویومیں کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے پہلے مرحلے میں بنیادی ڈھانچے، ریلویز اور توانائی کے شعبوں سے متعلق منصوبے شامل ہیں اور توقع ہے کہ یہ منصوبے رواں سال کے آخر تک مکمل ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا دوسرا مرحلہ اقتصادی زونزکے قیام پر مشتمل ہے جن سے ملک کے صنعتی شعبے کو فروغ ملے گا۔ حسن داؤد نے کہا کہ فاٹا سمیت تمام صوبوں میں نو صنعتی زونز قائم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں صنعتی زونز میں دلچسپی لے رہی ہیں جس سے آگے چل کر پاکستان کی تجارت کو فروغ ملے گا۔ انھوں نے کہا کہ اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے خواہاں مقامی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دی جائیں گی۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت تمام منصوبوں سے ملک میں ترقی کا نیا دور شروع ہو گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوںگے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار بھی کیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے پاکستان اور چین کے درمیان عوامی سطح پر روابط اور تعلیمی شعبے میںتعاون کو بھی فروغ ملے گا۔ اقتصادی راہداری کے تحت بلوچستان کی ترقی سے متعلق ایک سوال پر پروجیکٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ گوادر خطے کا اہم تجارتی مرکز بن جائے گا۔

متعلقہ عنوان :