پاکستان ہمارے آبائو اجداد کی قربانیوں کا ثمر ہے ،میئر کراچی

اپنے وطن کی ترقی اور استحکام کے لئے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنی ہوگی ہماری ذمہ داری ہے،وسیم اختر کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 24 مارچ 2018 22:20

پاکستان ہمارے آبائو اجداد کی قربانیوں کا ثمر ہے ،میئر کراچی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2018ء) میئرکراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارے آبائو اجداد کی قربانیوں کا ثمر ہے ، اپنے وطن کی ترقی اور استحکام کے لئے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنی ہوگی ہماری ذمہ داری ہے کہ نوجوان نسل کو اپنے اسلاف کے کارناموں سے روشناس کرائیں تاکہ نسل نو بھی ان کے کارناموں اور قربانیوں سے آگاہ ہوسکیں، پاکستان کے لئے قربانی دینے والوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، آج یوم پاکستان کے موقع پر اکابرین ملت کے خاندانوں اور ان کی اولادوں کی یہاں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم نے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان کے سلسلے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے سفاری پارک میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں تحریک پاکستان میں سرگرم کردار ادا کرنے والی شخصیات اور ان کی اولادوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ اس موقع پر ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور ،سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی ، مالیات کمیٹی کے چیئرمین ندیم ہدایت ہاشمی، قانون امور کمیٹی کے چیئرمین عارف خان ایڈوکیٹ، پارکس کمیٹی کے چیئرمین خرم فرحان، کچی آبادی کے چیئرمین سعد بن جعفر ،کھیل و ثقافت کے چیئرمین اعجاز احمد خان ، مختلف مذاہب کی سرکردہ شخصیات اور کے ایم سی کے افسران سمیت شہریوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی، میئر کراچی نے کہا کہ آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہے کہ ہم پاکستان کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، اتفاق اور اتحاد کے ساتھ ہر سطح پر دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے کیونکہ ہم ایک طویل عرصے سے دہشت گردی کا سامنا کررہے ہیں اور پاک فوج مسلسل اس جدوجہد میں مصروف عمل ہے کہ وطن عزیز سے دہشت گردی اور سماج دشمن عناصر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے اس جدوجہد میں پاک فوج سمیت عوام نے بھی قربانیاں دی ہیں اور اس مقصد کے لئے پوری قوم ہم آواز ہے وہ دن دور نہیں جب یہ ملک امن و آشتی کا گہوارہ ہوگا، میئر کراچی وسیم اختر نے یوم پاکستان کے موقع پر رنگا رنگ اور خوبصورت تقریب منعقد کرنے پر سفاری پارک کے ڈائریکٹرکنور ایوب سمیت دیگر منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد دی، تقریب میں مولانا محمد علی جوہر کی پڑپوتی محترمہ فیاض بیگم، پاکستان کا پہلا جھنڈا تیار کرنے والے ماسٹر الطاف حسین کے صاحبزادہ ظہور الحسن، بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کو اپنے خون سے پاکستان کا نقشہ بنا کر پیش کرنے والے وقار احمد زبیری، تحریک پاکستان میں صعوبتیں برادشت کرنے والے سید امجد علی جعفری، عبدالصمد قریشی کے صاحبزادے عبدالواحد قریشی، تاریخ پاکستان کے محققین محفوظ النبی خان اور ڈاکٹر شجاع صغیر خان سمیت دیگر اکابرین کی اولادوں نے بھی خطاب کیا اور اپنے آبائواجداد کی قربانیوں پر روشنی ڈالی، اس موقع پر میئر کراچی نے ان اکابرین کی اولادوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شیلڈز بھی پیش کیں، بعدازاں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا اور ملی و قومی نغمات بھی پیش کئے گئے، اس موقع پر سفاری پارک پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونجتا رہا، سفاری پارک کے ڈائریکٹر کنور ایوب نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :