پی ایس ایل کا فائنل میچ دیکھنے کے لیے کئی اہم سیاستدانوں نے تیاری کر لی

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے فائنل میچ دیکھنے کی دعوت وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قبول کرلی

ہفتہ 24 مارچ 2018 22:20

پی ایس ایل کا فائنل میچ دیکھنے کے لیے کئی اہم سیاستدانوں نے تیاری کر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2018ء) پاکستان سپر لیگ کے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں فائنل میچ دیکھنے کیلیے جہاں عوام میں زبردست جوش و خروش ہے وہیں سیاستدان بھی کسی سے پیچھے نہیں ہیں، فائنل میچ دیکھنے کے لیے کئی اہم سیاستدانوں نے تیاری کر لی۔کراچی میں فائنل میچ کا جادو اس وقت سر چڑھ کو بول رہا ہے،وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے فائنل میچ دیکھنے کی دعوت وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قبول کرلی ہے ۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اتوارکو پی ایس ایل تھری کا فائنل میچ کراچی میں دیکھنے کی دعوت دی تھی، وزیراعظم نے وزیراعلی سندھ کی دعوت قبول کرتے ہوئے فائنل میچ دیکھنے کی حامی بھرلی، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کل بروز اتوار شام کو کراچی پہنچیں گے اورفائنل میچ دیکھیں گے ۔

(جاری ہے)

پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائٹیڈ کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلیے پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت اہم سیاستدان بھی میچ دیکھنے کیلیے نیشنل اسٹیڈیم جائیں گے۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی،ایم کیو ایم ، پی ایس پی،تحریک انصاف سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کی قیادت اورصوبائی وزراء نے پی ایس ایل میچ دیکھنے کے لیے اتوارکواپنی سرگرمیاں ترک کردی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق بلاول، آصفہ اور بختاور بھٹو نے 12 ہزار روپے والے ٹکٹس لیے ہیں، جام خان شورو اور ناصر شاہ بھی میچ دیکھنے کے لیے نیشنل اسٹیڈیم جائیں گے جبکہ صوبائی وزراء منظوروسان سمیت دیگروزراء بھی فیملی کے ہمراہ میچ دیکھنے اسٹیڈیم جائیں گے ۔