ایم کیوایم کوتقسیم کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے،فاروق ستار

مردم شماری میں مہاجروں کوکم گنا گیا، ہمارے منتخب نمائندوں کو قتل کیا جارہا ہے،میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 24 مارچ 2018 21:15

ایم کیوایم کوتقسیم کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے،فاروق ستار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2018ء) ایم کیوایم پاکستان(پی آئی بی) کے کنوینر فاروق ستارنے کہا ہے کہ ایم کیوایم کوتقسیم کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

(جاری ہے)

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستارنے کہا کہ ایم کیو ایم کو دیوارسے لگایا گیا اور مظالم ڈھائے گئے لیکن کبھی ایم کیو ایم سے الگ نہیں ہوا اورنہ کوئی الگ جماعت بنائی، ایم کیوایم کو تقسیم کرنے کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، خالد مقبول صدیقی کو یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی۔

فاروق ستار نے کہا ہے کہ سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ کی گئی، مردم شماری میں مہاجروں کوکم گنا گیا، ہمارے منتخب نمائندوں کو قتل کیا جارہا ہے، ہم کارکنان کوصبرکی تلقین کرتے ہیں لیکن کب تک ہمارے نمائندوں اور کارکنان کے قتل کا سلسلہ جاری رہے گا، قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی کارکردگی سامنے لائیں، قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلائی جائے۔