پنجاب حکومت نے صوبہ بھر لوکل انڈسٹری کو مستحکم کرنے کے لئے بے شمارنمایاں اقدامات کیے ہیں‘شیخ علائوالدین

امید ہے کہ فیصل آباد کی ٹیکسٹائل انڈسٹری پاکستانی مصنوعات کی تشہیر میں بھرپور کردار ادا کرے گی‘صوبائی وزیر صنعت و تجارت

ہفتہ 24 مارچ 2018 21:00

پنجاب حکومت نے صوبہ بھر لوکل انڈسٹری کو مستحکم کرنے کے لئے بے شمارنمایاں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2018ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت و انویسٹمنٹ شیخ علائوالدین نے کہا ہے کہ فیصل آباد کو صنعتی لحاظ سے ایشیاء میں مانچسٹر شہر کے نام پر جانا جاتا ہے اورحکومت پنجاب نے فیصل آباد کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو مستحکم کرنے کے لئے بے شمار انقلابی اقدامات کئے ہیں تاکہ دنیا بھر میں میڈ ان پاکستان کو پروموٹ کیا جاسکے اور اپنے صنعتکاروں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے،حکومت پنجاب کی جانب سے تیانجن یونیورسٹی کا قیام بھی اسی عزم کی عکاسی ہے کہ اپنے نوجوانوں کو صحیح معنوںمیں ہنرمند بناکر پاکستان کی انڈسٹری کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے ۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے ایکسپو سینٹر ،لاہور میں وزیر قانون رانا ثنا ء اللہ کے ہمراہ" میڈ ان فیصل آباد"کے نام پر دو روزہ صنعتی نمائش کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب میںایمبیسیڈر نیپال سیوا لمسال،ایمبیسیڈر انڈونیشیاء آئیوان سعودھی،صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ ٹریڈ شبیر حسین چاولہ،سینئر صدر فاروق یوسف،چیئرمین فیڈمک میاں محمد ادریس اور صنعتکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

صوبائی وزیرانڈسٹریز نے تمام اسٹالز کا معائنہ کیا اور نمائش کے بہترین انتظامات پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ ٹرید انتظامیہ کی تعریف کی ۔صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ ٹریڈ شبیر حسین چاولہ نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ نمائش میں 44مختلف اسٹالز لگائے گئے ہیں ،جس میں خواتین کے ملبوسات کے ساتھ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ،کینسر کیئر ہسپتال اینڈ ریسرچ رائیونڈ ،برائٹو پینٹس اور گھریلو مشینری کے اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ نمائش میں ستارہ ،اتحاد،فردوس،فائیو سٹار،جوبلی ٹیکسٹائل سمیت بہت سی معروف کمپنیز نے اپنے سٹال لگائے ہیں۔ صوبائی وزیر نے میڈیا نمائندگان سے بات چیت کے دوران کہا کہ حکومت پنجاب صوبہ بھر میں لوکل انڈسٹری کو فروغ دینے اور مزید مستحکم کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صنعت، تجارت و سرمایہ کاری معیشت کی بہتری کیلئے تجارت کی نئی راہیں ہموار کرنے میں کلید ی کردار ادا کر رہا ہے اور صوبہ بھر میں انڈسٹریل اسٹیٹس کا قیام بھی اسی عزم کی عکاسی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ فیصل آباد انڈسٹریل، ٹیکسٹائل اشیاء کے فروغ اور بالخصوص ہینڈی کرافٹ ،لوکل اشیاء کی ایکسپورٹ کویقینی بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام دو روزہ نمائش کامیابی سے ہمکنار ہوگی اور میڈ ان پاکستان کو پروموٹ کرکے دنیا میں اپنی کھوئی ہوئی پہچان دوبارہ حاصل کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

متعلقہ عنوان :