جنیوا میں اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانی حقوق کے سامنے سینکڑوں کشمیروں کا بھارت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

بھارت کی سیز فائر لائن پر غیر اعلانیہ جنگ سے بڑی تعداد میں سول آبادی کا شدید جانی و مالی نقصان ہو رہا ہے ،عالمی برادری اس کا نوٹس لے ،ْسلطان محمود چوہدری

ہفتہ 24 مارچ 2018 20:43

جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں جنیوا میں اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانی حقوق کے سامنے سینکڑوں کشمیروں کا بھارت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ۔ اس موقع پر مظاہرین کشمیر کشمیریوں کا ہے ،ہے حق ہمارا آزادی، ہم چھین کے لیں گے آزادی ،بھارتی غاصبو کشمیر ہمارا چھوڑ دو اقوام متحدہ کشمیر پر اپنا کردار اداکرے جیسے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔

مظاہرین اسی طرح کے نعروں پر مشتمل پلے کارڈز، بینرزاور پینا فیلکس اٹھائے ہوئے تھے اس مظاہرے کی خصوصیت یہ تھی کہ مظاہرین صرف آزاد کشمیر کاجھنڈا اٹھائے تھے اس مظاہرے میں امریکہ برطانیہ اور یورپ بھر سے بڑی تعداد میں لوگ شامل ہوئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خواتین کی بڑی تعداد بھی اس مظاہرے میں شریک تھی۔ اس موقع پر نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت نے سیز فائر لائن پر غیر اعلانیہ جنگ شروع کر رکھی ہے جس سے بڑی تعداد میں سول آبادی کا شدید جانی و مالی نقصان ہو رہا ہے ۔

جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارت بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ میں نے آج یہاں اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانی حقوق کے اعلیٰ عہدیداران سے ملاقاتیں بھی کی ہیں تاکہ انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مسئلہ کشمیر کی سنگینی کی طرف مبذول کروائی جا سکے ۔انہوں مزید کہا کہ پچھلے دو ماہ میں تین سو سے زیادہ کشمیری شہید ہو چکے ہیں عالمی برادری اس کا نوٹس لے جنوبی ایشیا میں کشمیر کاز سلگتی ہوئی چنگاری ہے جو کسی وقت بھی خوفناک آگ کی شکل اختیار کر کے جنوبی ایشیاء کے امن کو ملیا میٹ کر سکتی ہے۔

ہم آج جنیوا میں اقوام عالم کو بتانا چاہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر اب دنیا کی توجہ کا منتظر ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے اندر آزادی کی تحریک خالصتا ًریاستی تحریک ہے ۔ جسے وہاں کے لوگ چلا رہے ہیں مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کی آزادی کی جنگ ہم سفارتی سطح کے ہر محاز پر لڑتے رہیں گے۔اس موقع پر مظاہرے سے پی ٹی آئی کشمیر یورپ کے چیف آرگنائزر زاہد ہاشمی، مرزا شفیق، چیف آرگنائزر پی ٹی آئی سوئٹزر لینڈ راجہ جاوید خان، بیرسٹر سلطان کے یورپین یونین کے لئے نمائندے چوہدری نصیر احمد، پرویز ملک چیف آرگنائزر پی ٹی آئی اٹلی ڈاکٹر امتیاز ،مہر ندیم برطانیہ سے بابر اعوان،جمیل ظفری ،پیرس سے روحی بانو، شبانہ چوہدری ،نیناخان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

دریں اثناء آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے جنیوا میں اقوام متحدہ کے کمشن برائے انسانی حقوق میں اعلی عہدیداران سے ملاقات کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالی کر رہا ہے نہ صرف وہاں پر طویل عرصے سے بربریت کے پہاڑ ڈھا رہا ہے بلکہ ریاستی دہشتگردی کا بھی مرتکب ہو رہا ہے۔

خواتین کی بے حرمتی کی جارہی ہے بچوں پر پیلٹ گن استعمال کرکے انکی بینائی چھینی جا رہی ہے۔ نوجوانوں کوگرفتار کرکے عقوبت خانوں میں ان پر تشدد کیا جا رہا ہے۔ لہذا اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانی حقوق کی اس صورتحال پر یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس کا نوٹس لے۔اس موقع پر اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانی حقوق کی ہیڈکرسٹین چنگ( Chung Christine) نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی پر ایک رپورٹ پیش کر رہے ہیں۔

اس پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ جتنا جلد ممکن ہو یہ رپورٹ پیش کی جائے۔ کیونکہ اس رپورٹ سے جہاں مقبوضہ کشمیر میں مظالم رکوانے میں مدد مل سکتی ہے اسی طرح مسئلہ کشمیر کے حل میں بھی مدد ملے گی۔ویسے بھی مسئلہ کشمیر پر قراردادیں اب بھی اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہیں۔کیونکہ جہاں اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر حل کرانے میں مدد کرے گا وہاں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی رکوانے میں بھی مددملے گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں جنیوا میں اقوام متحدہ کے کمشن برائے انسانی حقوق میں اقوام متحدہ کے کمشن برائے انسانی حقوق کی ہیڈکرسٹین چنگ( Chung Christine) کی قیادت میں ایک اعلی سطحی وفد کوڈیڑھ گھنٹے کی تفصیلی ملاقات میں بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی معاونت پی ٹی آئی کشمیر یورپ کے چیف آرگنائزر زاہد ہاشمی ، پی ٹی آئی کشمیر جنیوا کے چیف آرگنائزر راجہ جاوید خان اور کشمیر فورم کے مرزا شفیق نے کی۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانی حقوق نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا شکریہ ادا کیا مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالی کے بارے میں بھارتی سول سوسائٹی کے ذریعے تومعلومات ملتی رہتی ہیں لیکن ہمیں آزاد کشمیر کی طرف سے کبھی کوئی بریفنگ نہیں ملی۔ پہلی دفعہ آپ (بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ) نے ہمیں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پریہاں آکر بریفنگ دی ہے۔

اقوام متحدہ کے کمشن برائے انسانی حقوق کے عہدیداران نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر تک رسائی نہیں دیتا جبکہ پاکستان بھی آزاد کشمیر کے دورے کے لئے لیت ولعل سے کام لیتا ہے جس پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ وہ واپس جاکرپاکستان کی وزارت خارجہ سے خود بات کریں گے کہ وہ آپکو آزاد کشمیر کے دورے کی اجازت دے۔ تاکہ آپ جلد از جلد اپنی رپورٹ مرتب کر سکیں۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرورمشن کو سرینگر سے باہر جانے کی اجازت نہیں دیتا جبکہ پاکستان اقوام متحدہ کے ملٹری آبرزور مشن کو سئیز فائر لائن تک جانے دیتا ہے جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت ہی کچھ وہاں چھپا رہا ہے۔بھارت نے یورپی پارلیمنٹ کے وفد کو بھی مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت نہیں دی۔

متعلقہ عنوان :