وی پی ایل کو پاکستان میں یو ڈی ٹرکس درآمد کنندہ مقرر کر دیا گیا

ہفتہ 24 مارچ 2018 21:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2018ء) یو ڈی ٹرکس کارپوریشن نے ملک میں نئے Quester ہیوی ڈیوٹی ٹرکوں کو متعارف کرانے کے لئے وی پی ایل لمیٹڈ کو پاکستان میں اپنا مجاز درآمد کنندہ مقرر کیا ہے۔یو ڈی ٹرکس جاپان کا ممتاز نقل و حمل کا حل فراہم کرنے والا ادار ہے۔ یو ڈی ٹرکس کارپوریشن 1935ء میں جاپان میں قائم ہوئی اور 2007ء میں Volvo گروپ کا حصہ بنی۔

یو ڈی ٹرکس کی پاکستان میں ایک طویل اور قابل فخر تاریخ ہے۔ ماضی میں نسان ڈیزل کے نام سے جانے والے یو ڈی ٹرکس پاکستانی مارکیٹ میں داخل ہونے والا پہلا جاپانی ٹرک برانڈ ہے اور اس وقت سے ملک میں معروف اداروں میں سے ایک ہے۔ یو ڈی ٹرکس پاکستان کی سڑکوں پر کافی نظر آتے ہیں اور طویل فاصلہ طے کرنے اور تعمیراتی شعبہ میں ایک نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

یو ڈی ٹرکس اپنے مشہور نئے ہیوی ڈیوٹی ٹرک ماڈل Quester کو پاکستان کی مارکیٹ میں متعارف کرانے کا منصوبہ بنا رہی ہے اور اس مقصد کے لئے اس نے وی پی ایل لمیٹڈ کو اپنا مجاز درآمد کنندہ تعینات کیا ہے۔ وی پی ایل پاکستان میں ٹرکوں، بسوں، تعمیراتی اور معدنیاتی آلات، جنریٹرز اور ٹولز کا بعد از فروخت سیلز سپورٹ نیٹ ورک کے ساتھ معروف درآمد کنندہ ہے۔

وی پی ایل Volvo ٹرکس، Volvo بسوں، Volvo تعمیراتی آلات اور Volvo پینٹا کا مجاز درآمد کنندہ ہے۔ وی پی ایل پاناسین گروپ کا حصہ ہے جو 1970ء سے پاکستان میں Volvo کے کاروبار کیلئے ذمہ دار ادارہ ہے۔ یو ڈی Quester ہیوی ڈیوٹی ٹرک کا اجراء ملک میں جلد ہوگا۔ یہ منصوبہ فروخت اور بعد از فروخت سروس میں پاکستانی صارفین کو یو ڈی ٹرکس کے لئے معاونت اور تجربہ کو بڑھائے گا۔

متعلقہ عنوان :