پاکستان پر بھارتی سکھ نوجوانوں کو تخریب کاری کی تربیت دینے کا روایتی الزام

یورپ، امریکہ ،کینیڈا میں رہائش پذیر سکھوں کو پراپیگنڈہ کی مدد سے بھارت کے خلاف مشتعل کیاجارہاہے،وزارت داخلہ

ہفتہ 24 مارچ 2018 19:52

پاکستان پر بھارتی سکھ نوجوانوں کو تخریب کاری کی تربیت دینے کا روایتی ..
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2018ء) بھارت کے وزیر داخلہ نے روایتی ہرزہ سرائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان میںسکھ نوجوانوں کو دہشت گردی کی تربیت دی جارہی ہے تاکہ وہ بھارت میں دہشت گرد کارروائیاں کر سکیں ۔بھارتی ٹی وی کے مطابق انہوں نے یہ بات پارلیمنٹری کمیٹی آن اسٹیمیٹس کے گوش گزار کی جس کے سربراہ سینئر بی جے پی لیڈر مرلی منوہر جوشی ہیں۔

کمیٹی کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان بھارتی پنجاب میں سکھ دہشت گردی کو زندہ کرنا چاہتا ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ یورپ، امریکہ اور کینیڈا میں رہائش پذیر سکھوں کو فرضی اور بدنیتی پر مبنی پراپیگنڈہ کی مدد سے بھارت کے خلاف مشتعل اور گمراہ کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان سے سرگرم دہشت گرد گروپوں کے کمانڈروں پر بھارتی پنجاب اور ملک کے دیگر حصوں میں دہشت گرد کارروائیاں کرنے کے لیے دباؤ ہے۔ اس مقصد کے لیے پاکستان میں موجود سکھ دہشت گرد گروپ سکھ نوجوانوں کو ٹریننگ دے رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق نوجوانوں کو انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کی مدد سے بھی انتہا پسند بنایا جا رہا ہے۔ یہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔