پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواستیں فراہم کردی ہیں،عارف علوی صدر پی ٹی آئی سندھ

ہفتہ 24 مارچ 2018 19:09

پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواستیں فراہم ..
حیدر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواستیں فراہم کردی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف سندھ میں ہر حلقے سے اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔ انہوں نے یہ باتیں حیدر آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہیں جس میں پی ٹی آئی سندھ کے سینئر نائب صدر صداقت علی جتوئی اور حلیم عادل شیخ بھی شریک تھے۔

اس موقعے پر سندھ کونسل کے کنونشن کا انعقاد بھی ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم حلقہ بندیوں سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کے تحفظات پر الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رجوع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سندھ کے مسلسل دورے کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پانچ اور چھ اپریل کو حیدر آباد کا بھی دورہ کریں گے اور چیئرمین عمران خان سولہ اور سترہ اپریل کو بھی سندھ کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اورچیئرمین عمران خان سندھ کی تقسیم کے خلاف ہیں۔ ہم جان پر کھیل جائیں گے لیکن سندھ کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گنے کے کاشتکاروں کو بڑا نقصان پہنچا ہے۔ عدالتی حکم کے باوجود سو روپے فی من سے زیادہ ریٹ نہیں دیا گیا۔ کسانوں کو باردانہ نہ ملنا ایک لمحہ فکریہ ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹور سے باردانہ تقسیم کیا جائے۔

سندھ کے کسانوں کو پانی فراہم نہ کرنا زیادتی ہے۔ سندھ پولیس کو سیاسی مداخلت سے پاک کیا جائے۔ رائو انوار سندھ میں سیاسی مداخلت کی ایک بڑی مثال ہیں۔ سندھ میں بیاسی فیصد عوام صاف پانی سے محروم ہیں۔ سندھ میں تعلیم اور صحت کے شعبوں کا برا حال ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ نیب سندھ میں کرپٹ مافیا کے خلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے دورے سے سندھ میں بہت ساری شمولیتیں ہونے کا امکان ہے۔

اہم شخصیات سے ہماری بات چیت چل رہی ہے۔ خاندان بڑا ہوتا ہے تو گروپ بندی ہوتی ہے۔سیاسی پارٹیوں کا بھی یہی حال ہے۔ پیپلز پارٹی نے جو کرپشن کی اس سے سندھ غیر آباد اور دبئی آباد ہوا ہے۔ ایان علی کے ذریعے کرپشن کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف الیکشن میں کسی سے اتحاد کا ارادہ نہیں رکھتی۔ پیپلزپارٹی ہو یا کوئی اور جماعت اگر کوئی چھوڑ کر آتاہے تو اسے پی ٹی آئی ویلکم کرے گی۔

اس موقعے پر پی ٹی آئی سندھ کے سینئر نائب صدر صداقت جتوئی نے کہا کہ پیپلزپارٹی سے کسی صورت بھی عام انتخابات میں الائنس نہیں بن سکتا۔پیپلزپارٹی سے اسٹیبلشمنٹ کی ڈیل کا ہمیں علم نہیں۔اومنی گروپ اور آصف علی زرداری کے پاس 19 شوگر ملیں ہیں۔گنے پرکاشتکاروں کو سو روپے سے زائد کا ریٹ نہیں ملا۔اس موقعے پر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر پارٹی کے لوگوں کیلئے شمولیت کے دروازے کھول رہی ہے لیکن پارٹی میں آنے کے بعد انہیں پاکستان تحریک انصاف کے اصولوں کے مطابق کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کو تباہ کردیا ہے اور ن لیگ نے مرکز میں اندھیر مچا رکھا ہے۔