چیئرمین سینیٹ ووٹوں سے نہیں نوٹوں سے آیا ہے، وزیر اعظم

نوازشریف اپنی کارکردگی کی وجہ سے عوام کے درمیان کھڑا ہے،دھرنے نہ دئیے جاتے تو پاکستان مزید ترقی کرتا،ہم نے خلوص نیت سے کام کیا اور ملکی مسائل حل کرنے کی کوشش کی، جہاں بجلی چوری ہوگی وہاں لوڈشیڈنگ ہوگی ،گیس درآمد کرکے قلت پر قابو پایا،آج ملکی کارخانوں کو بلا تعطل بجلی اور گیس فراہم کی جارہی ہے،تقریب سے خطاب

ہفتہ 24 مارچ 2018 18:55

چیئرمین سینیٹ ووٹوں سے نہیں نوٹوں سے آیا ہے، وزیر اعظم
ننکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مارچ2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں نوٹ چلے چیئرمین سینیٹ ووٹوں سے نہیں نوٹوں سے آیا،آج بھی کہتا ہوں کہ اس معاملے کو ختم کریں اور متفقہ چیئرمین سینیٹ لائیں۔ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے فیصلے کو عوام نے آج تک قبول نہیں کیا،عوام خود فیصلہ کرتی ہے کہ کس کو رکھنا ہے اور کس کو گھر بھیجنا ہے۔

گزشتہ روز ننکانہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اقتدار کی ہوس رکھنے والے نہ عوام کی خدمت کرتے ہیں نہ ملک کی،عوام فیصلہ کرے گی کہ کارکردگی والے لوگ چاہئیں یا گالی دینے والے۔نوازشریف اپنی کارکردگی کی وجہ سے عوام کے درمیان کھڑا ہے،دھرنے نہ دئیے جاتے تو پاکستان مزید ترقی کرتا،ہم نے خلوص نیت سے کام کیا اور ملکی مسائل حل کرنے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جہاں بجلی چوری ہوگی وہاں لوڈشیڈنگ ہوگی،ہم نے لوڈشیڈنگ کے مسئلے سے نجات دلائی،گیس درآمد کرکے قلت پر قابو پایا،آج ملکی کارخانوں کو بلا تعطل بجلی اور گیس فراہم کی جارہی ہے۔مسلم لیگ(ن) نے مشکل حالات کے باوجود5سال میں بہتر کارکردگی دکھائی اور یہ ثابت کردیا کہ عوام کی خدمت کو نہیں روکا جاسکتا۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت ٹوٹنے کے مخالفین کے تمام دعوے دم توڑ چکے ہیں،اگر ترقی کی راہ میں رکاوٹیں نہ ڈالی جاتیں تو آج حالات مزید بہتر ہوتے۔

مسلم لیگ(ن) مشکل حالات میں بھی جمہوریت کے لئے اصولوں پر ڈٹی رہی،پاکستان کی ترقی جمہوریت اور عوامی فیصلوں میں ہی مضمر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موٹروے اور ننکانہ صاحب کا لنک روڈ بھی جلد مکمل ہوجائے گا۔گوروناننک یونیورسٹی علاقے کی ضرورت اور حق بھی ہے ہمارا فیصلہ ہے کہ ہر ضلع میں ایک یونیورسٹی ہوگی۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مخالفین کو پیغام دیا کہ الزام لگانے والے اپنے گریبان میں جھانکیں اور کارکردگی دکھائیں۔