زرداری دبئی کےدو تین فلیٹ بیچ دیں،پوراسندھ ترقی کرجائیگا،عابد شیرعلی

راؤانوارکوپروٹوکول کیساتھ گھرمیں کیوں نظربند کیا گیا؟ ہتھکڑی کیوں نہیں لگائی گئی؟ ڈاکٹرعاصم کوکس بنیاد پرباہربھیجا،نوازشریف نہ ملک سےبھاگےنہ احتساب سےبھاگیں گے۔فیصل آباد میں پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 24 مارچ 2018 17:55

زرداری دبئی کےدو تین فلیٹ بیچ دیں،پوراسندھ ترقی کرجائیگا،عابد شیرعلی
فیصل آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 مارچ 2018ء) : مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء عابد شیر علی نے کہا ہے کہ زرداری دو تین دبئی کے فلیٹ بیچ دیں توپورا سندھ ترقی کرجائے،راؤ انوارکوپروٹوکول کیساتھ گھرمیں کیوں نظربندکیا گیا؟ ہتھکڑی کیوں نہیں لگائی گئی؟ ڈاکٹرعاصم کوکس بنیاد پرباہربھیجا،نوازشریف نہ ملک سے بھاگا نہ احتساب سے بھاگیں گے۔انہوں نے آج فیصل آباد میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ زرداری اپنے دو تین دبئی کے فلیٹ بیچ دیں تو پورا سندھ ترقی کرجائے۔

کراچی اور سندھ میں کھربوں روپے کے فنڈز کی لوٹ مار کی گئی۔سارے ٹھیکوں کے پیسے زرداری کی کمیشن میں جاتے ہیں۔اویس ٹپی سندھ کو لوٹتا رہا اس کی جیبوں سے پیسے کون نکلوائے گا۔جن لوگوں نے ملک کو لوٹا انہیں چھوٹ دی گئی کہ سینیٹ میں پیسے لگائیں۔

(جاری ہے)

شرجیل میمن کی کرپشن کا کیس ایک سال سے چل رہاہے۔ عابد شیر نے کہا کہ راؤ انوار کوکیوں گھر میں نظر بند کیا گیا ؟ راؤ انوار بھتا خور تھا اس کو ہتھکڑی کیوں نہیں لگائی گئی؟ کیوں پروٹوکول دیا گیا؟ ڈاکٹرعاصم کو کس بنیاد پر باہر بھیجا گیا ؟ انہوں نے کہا کہ عزیر بلوچ جس نے بڑے بڑے انکشافات کیے ان پر پردہ ڈال دیا گیا۔

عزیر بلوچ نے جن جن کے نام لیے وہ لوگ کہاں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ لاہور کی میٹرو زیادہ لمبی ہے جس پر 27 ارب روپے خرچا آیا جبکہ پشاور کی میٹرو چھوٹی ہے ،پشاور میٹرو 57 ارب روپے میں بنائی گئی۔ خیبر پختونخوا حکومت نےاربوں روپے کی کرپشن کی۔ ان کی جیبوں سےیہ پیسے کون نکالےگا؟ عدالت عظمیٰ سے درخواست کرونگاکہ کمیشن بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان چور ہے ، وہ علی بابا چالیس چوروں کا تحفظ کررہاہے۔

سب سے بڑا ڈاکو وزیر اعلی ٰپرویز خٹک ہے۔عابد شیرعلی نے کہا کہ نوازشریف کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے۔ صرف ضمنی ، ضمنی اور ضمنی ہی ہے۔ نوازشریف نہ ملک سے بھاگے نہ احتساب سے بھاگیں گے۔ سب لوگوں کو کٹہرے میں لایا جائے۔ ملک میں انصاف کی بنیاد پر احتساب ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ راؤ انوار کے ہاتھوں سینکڑوں لوگوں کو قتل کرایا گیا اس کی جے آئی ٹی بنی؟ بلدیہ ٹاؤن میں 250 افراد کو زندہ جلایا گیا۔ جبکہ ماڈل ٹاؤن پر ہماری لیڈرشپ پر الزامات لگائے جاتے ہیں۔