موجودہ حکومت نے محدود وسائل کے باوجود مسائل پر قابو پایا ہے ،

آئندہ پندرہ سال کیلئے بجلی کی ضروریات کے مطابق پیداواری منصوبے مکمل کئے ہیں، بے روزگاری کے خاتمہ میں صنعت کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے، اربوں روپے کی سرمایہ کاری سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ حکومت کو مختلف ٹیکسز کی مد میں بھی وصولیاں ہوں گی، صنعت کاروں کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، سی سی وی کیبل کے پہلے جدید ترین پلانٹ سے بجلی کے پیداواری اخراجات اور ترسیل کے نقصانات کو کم کرنے میں مدد ملے گی، فاسٹ کیبل کا ا ہم منصوبہ بجلی کی چوری اور ٹیکنیکل نقصانات کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوگا،اربوں روپے کی سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو نے کے ساتھ ساتھ مختلف ٹیکسز کی مد میں بھی وصولیاں ہوں گی ،صنعتی ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل اور استحکام ضروری ہے، بجلی پیدا کرنے کیلئے متبادل توانائی کے ذرائع سے استفادہ کے حوالے سے منصوبوں پر عمل جاری ہے، حکومت نے خود کاروبار نہیں کرنا بلکہ صنعت کاروں کو سہولیات فراہم کرنی ہے، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں سی سی وی لائن اور ایلومینیم الائے مینوفیکچرنگ پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ 24 مارچ 2018 13:52

موجودہ حکومت نے محدود وسائل کے باوجود مسائل پر قابو پایا ہے ،
اسلام آباد/ لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے محدود وسائل کے باوجود مسائل پر قابو پایا ہے ، آئندہ پندرہ سال کیلئے بجلی کی ضروریات کے مطابق پیداواری منصوبے مکمل کئے ہیں، بے روزگاری کے خاتمہ میں صنعت کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے، صنعت کاروں کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، سی سی وی کیبل کے پہلے جدید ترین پلانٹ سے بجلی کے پیداواری اخراجات اور ترسیل کے نقصانات کو کم کرنے میں مدد ملے گی، فاسٹ کیبل کا یہ بڑاا ہم منصوبہ بجلی کی چوری اور ٹیکنیکل نقصانات کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوگا، اربوں روپے کی سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو نے کے ساتھ ساتھ مختلف ٹیکسز کی مد میں بھی وصولیاں ہوں گی ، صنعتی ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل اور استحکام ضروری ہے، بجلی پیدا کرنے کیلئے متبادل توانائی کے ذرائع سے استفادہ کے حوالے سے منصوبوں پر عمل جاری ہے، حکومت نے خود کاروبار نہیں کرنا بلکہ صنعت کاروں کو سہولیات فراہم کرنی ہے،۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو سندر انڈسٹریل اسٹیٹ لاہورمیں فاسٹ کیبل کی جانب سے ملک کے پہلے سی سی وی لائن اور ایلومینیم الائے مینوفیکچرنگ پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فاسٹ کیبل کی جانب سے سی سی وی کیبل کے پہلے جدید ترین پلانٹ کا افتتاح خوش آئند ہے جس سے بجلی کے پیداواری اخراجات اور ترسیل کے نقصانات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ فاسٹ کیبل کا یہ منصوبہ بڑاا ہم ہے جو بجلی کی چوری اور ٹیکنیکل نقصانات کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیسے کمانے کے بہت سے طریقے ہیں لیکن صنعت لگا کر منافع حاصل کرنا ایک مشکل طریقہ ہے جبکہ دیگر ذرائع میں نقصانات کے خدشات کم اور منافع کی شرح زیادہ ہوتی ہے۔ تاہم ملک کا فائدہ اسی میں ہے کہ زیادہ سے زیادہ صنعتیں لگائی جائیں جس سے حکومت کو ٹیکسز کی مد میں آمدنی کے علاوہ روزگار کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کا کردار قومی معیشت کی ترقی کیلئے انتہائی اہم ہے اور اس طرح کی جدید صنعتوں کے قیام سے ملکی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کیا جارہا ہے اور کوئی بھی اس سے انکار نہیں کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتی ترقی کے فروغ کیلئے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے حکومتیں کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ ٹیکسز وصول کرنا چاہتی ہیں جس سے صنعت کار برادری پر دبائو میں اضافہ ہوتا ہے تاہم مسلم لیگ نون کی موجودہ حکومت نے وسائل اور آمدنی میں اضافہ کے حوالے سے وسط مدتی اور طویل المدتی پالیسیاں تشکیل دی ہیں تاکہ صنعت کی ترقی ہو سکے اور ہماری کوشش ہے کہ پالیسی سازی کے عمل کو مزید مستحکم کیا جائے تاکہ پالیسی میں کئے جانے والے وعدوں کے مطابق آپ کو سہولیات مل سکیں۔

انہوں نے کہا کہ سب سے بنیادی چیز پالیسیوں کا استحکام ہے اور ہمیں اس حوالے سے کافی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسیوں کو سیاسی تبدیلیوں کی وجہ سے نہیں بدلنا چاہئے تاکہ پالیسیوں کا تسلسل جاری رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قیادت کی تبدیلی کا فیصلہ عوام کے ووٹ سے ہوگا اور عوام کے فیصلے کے مطابق حکومت بنے گی لیکن قومی ترقی کیلئے بنائی جانے والی پالیسیاں قائم رہیں گی اور ان پر عملدرآمد جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی کے عمل کو جاری رکھنے کیلئے تمام شراکت داروں کی مشاورت سے پالیسی سازی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاسٹ کیبلز کی جانب سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ حکومت کو مختلف ٹیکسز کی مد میں بھی وصولیاں ہوں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگر قومی صنعت ترقی کرے گی تو ملک بھی ترقی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی سے ملکی درآمدات میں کمی ہوگی اور فاسٹ کیبلز کی جانب سے لگایا جانے والا جدید ترین پلانٹ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو معیاری مصنوعات کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ صنعتی ترقی کے نتیجے میں ہر سطح پر حکومت کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے فاسٹ کیبلز کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ ان کی مصنوعات بین الاقوامی معیار کے مطابق ہوں گی جبکہ ہماری دیگر صنعت کو بھی معیاری مصنوعات کی تیاری پر خصوصی توجہ دینی چاہئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کے ادوار میں صرف کام چلانے کیلئے مصنوعات تیار کی جاتی تھیں لیکن اب کارکردگی اور معیار پر توجہ دی جارہی ہے۔انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ فاسٹ کیبلز کی طرح دیگر صنعتی ادارے بھی بین الاقوامی معیار کے مطابق کام کریں گے اور معیاری مصنوعات کی تیاری کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا گلوبل ویلج بن چکی ہے اس لئے ہم پر بھی عالمی سطح پر انہی معیارات کے اصول لاگو ہوتے ہیں جو دیگر ممالک پر لاگو ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معیار کے لئے رہنما اصولوں پر عمل سے ہی بین الاقوامی منڈیوں میں دیگر برآمدکنندگان کا مقابلہ کیا جاسکے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ دور میں آزادانہ تجارت کے معاہدوں کے حوالے سے مشکلات ہیں کیونکہ ہماری صنعت کو معیاری مصنوعات کی تیاری میں مشکل کا سامنا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صنعتی ترقی اور مصنوعات کے معیار میں بہتری سے ملکی برآمدات بڑھیں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 200 ملین سے زائد افراد کی مارکیٹ ہے اور عالمی سطح پر بہتر مقابلہ کے ذریعے ہم اپنی مصنوعات کیلئے بڑی منڈیوں تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ آپ کو مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ آپ برآمدات کو فروغ دے سکیں جس کیلئے معیاری مصنوعات کی تیاری پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجلی ، گیس اور بنیادی ڈھانچے کی کمی کے مسائل کو پورا کردیا ہے اور اب کاروباری اخراجات میں کمی لانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگر نجی شعبہ اور حکومت مل کر کام کرے تو اس سے بہتر نتائج مل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی اور معیاری مصنوعات کی تیاری سے اخراجات کو بھی کم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسز کے نظام میں بہتری کی ضرورت ہے اور اس پر کام کیا جا رہا ہے۔ حکومت لمبی اور درمیانی مدت کو متوازن رکھنے کیلئے پالیسی بناتی ہے تاہم اس حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کے نتائج ظاہر ہونے میں کچھ وقت درکار ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کی شرح نمو 5.6 فیصد سے بڑھ چکی ہے اور آئندہ مالی سال کے دوران یہ 6 فیصد سے زیادہ ہوگی جس سے ملک میں سرمایہ کاری آئے گی اور صنعتی ترقی کے فروغ سے برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور صنعت کاروں کے باہمی تعاون سے برآمدات بڑھیں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کسی بھی معیشت کی ترقی سے حکومتی وسائل میں اضافہ ہوتا ہے جس سے ملک ترقی کرتا ہے۔

انہوں نے نجی شعبہ پر زور دیا کہ ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آئندہ بجٹ میں صنعتکار اور کاروباری طبقہ کیلئے ٹیکس مراعات متعارف کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی سی وی کیبلز کے جدید ترین پلانٹ کی تنصیب کیلئے فاسٹ کیبلز کی انتظامیہ کی کوششیں نمایاں ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں 20 سال کے بعد سندر انڈسٹریل اسٹیٹ آیا ہوں اور اس صنعتی زون میں عالمی معیار کی سہولیات کی فراہمی پر خوشی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی صنعتی زون میں سہولیات کی دستیابی سے متاثر ہو کر غیر ملکی سرمایہ کار سرمایہ کاری کرتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ صنعتی زون بھی ترقی کرے گا۔ انہوں نے اس بات کا بھی خاص طور پر ذکر کیا کہ 1999ء میںجب مارشل لاء لگا تو محمد نواز شریف پر ایک کیس سندر صنعتی زون کے قیام کا بھی بنایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص کام کرتا ہے اس کو مقدمات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ کام نہ کرنے والوں کو انعام سے نوازا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کام کرنے والوں کو عزت دینی چاہئے اور ملک میں اس کلچر کے فروغ کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے مسائل آج پیدا نہیں ہوئے بلکہ یہ گزشتہ پندرہ سال کے مسائل ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان میں اضافہ ہوتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے مشکل حالات کے باوجود کئی بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں جن کی مثال نہیں ملتی ۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ ، برطانیہ اور فرانس جیسے بڑے ممالک بھی اتنی لمبی موٹر ویز اور ہائی ویز نہیں بنا سکتے جتنی پاکستان میں بنائی جا رہی ہیں اور ہم یہ سارا کام اپنے وسائل سے کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ جولائی کے آئندہ انتخابات میں عوام نے کارکردگی کی بنیاد پر فیصلہ کرنا ہے جس کے نتیجے میں اگست میں نئی حکومت قائم ہوگی اور قومی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ ملک میں جمہوریت کا تسلسل جاری رہے گا اور عوام ہی اپنے ووٹ کی طاقت سے آئندہ سیاسی قیادت کا فیصلہ کریں گے۔