صدر مملکت ممنون حسین اور سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا کا علاقائی امن، باہمی تعاون کے فروغ اور سارک تنظیم کو مزید موثر بنانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق

دونوں سربراہان مملکت کے درمیان یہ اتفاق رائے ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں ہوا صدر ممنون حسین کا خطے ،خصوصا دونوں ممالک میں صنعت و تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون میں اضافہ کے لئے بحری اور فضائی رابطوں میں اضافے پربھی زور پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دفاع سمیت دیگر شعبوں میں بڑھتا ہوا تعاون باعث اطمینان ہے، سری لنکن صدر میتھری پالا سری سینا

ہفتہ 24 مارچ 2018 12:57

صدر مملکت ممنون حسین اور سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا کا علاقائی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2018ء) صدر مملکت ممنون حسین اور سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا نے علاقائی امن، باہمی تعاون کے فروغ اور سارک تنظیم کو مزید موثر بنانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ہفتہ کو دونوں سربراہان مملکت کے درمیان یہ اتفاق رائے ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں ہوا ۔ سری لنکا کے صدر کی ایوان صدرآمد پر صدر مملکت ممنون حسین نے ان کا خیر مقدم کیا اور روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے انھیں گلدستے پیش کیے۔

اس موقع پر دونوں صدور نے کچھ دیر ون آن ون ملاقات بھی کی جس کے بعد وفود کی سطح پر بھی مذاکرات کئے گئے۔ ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین نے معزز مہمان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان کی تقریبات میں سری لنکا کے سربراہ مملکت کی شرکت خوش آئند ہے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی گہرائی ظاہر ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

اس پر سری لنکا کے صدر نے کہا کہ پاکستان کی دعوت پر اس کے قومی دن کی تقریبات میں شرکت میرے لیے باعث مسرت اور سری لنکا کے عوام کے لیے باعث اعزاز ہے، ہم پاکستان کو اپنا حقیقی بھائی اور دوست تصور کرتے ہیں۔

دونوں رہنمائوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ وہ علاقائی امن واستحکام، ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ بھرپورتعاون جاری رکھیں گے۔ فریقین نے علاقائی ترقی کے لیے تعاون پر زور دیتے ہوئے اس مقصد کے لیے سارک تنظیم کو مزید فعال بنانے پر بھی اتفاق کیا۔ صدر مملکت نے اس موقع پر دونوںممالک کے درمیان باہمی تجارت میں اضافے پر مل کرکام کر نے کی تجویز پیش کی جس سے معزز مہمان نے اتفاق کیا۔

صدر مملکت نے خطے ، خاص طور پر دونوں ممالک کے درمیان بحری اور فضائی رابطوں میں اضافے پربھی زور دیا تاکہ صنعت و تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون میں اضافہ کیا جا سکے۔ سری لنکا کے صدر نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دفاع سمیت دیگر شعبوں میں بڑھتا ہوا تعاون باعث اطمینان ہے اور توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں اس میں مزید اضافہ ہو گا۔

سری لنکا کے صدر نے سری لنکا کے طلبا اور افسروں کے لیے تعلیمی وتربیتی اسکالر شپس پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا ان کوششوں میں پاکستان کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ ملاقات میں سری لنکا کے وزیر خارجہ واسنتھا سینا نائیکے، سری لنکن وزیر آباد کاری ، پارلیمنٹ کے اراکین سید علی ظاہر مولانا،عبداللہ معروف اور ایس ایم ماری کار شریک تھے جب کہ پاکستان کی طرف سے وفاقی وزیر سیفرون عبدالقادر بلوچ، سیکرٹری خارجہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔