اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا یوم پاکستان کے موقع پر استقبالیہ

اقوام متحدہ میں مختلف ممالک کے سفارتی نمائندوں اور سفارتکاروں نے مل کر دل دل پاکستان ملی نغمہ گایا

ہفتہ 24 مارچ 2018 12:57

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا یوم پاکستان کے ..
نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2018ء) اقوام متحدہ میں مختلف ممالک کے سفارتی نمائندوں اور سفارتکاروں نے مل کر دل دل پاکستان ملی نغمہ گایا ۔ انہوں نے یہ ملی نغمہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کی طرف سے یوم پاکستان کے موقع پر دیئے گئے استقبالیہ کی تقریب میں گایا جس میں اقوام متحدہ میں تعینات مختلف ممالک کے سفارتی نمائندوں اور سفارتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں سفیر ملیحہ لودھی نے قیام پاکستان کے سلسلہ میں قراداد پاکستان کی منظوری کی اہمیت اور تحریک پاکستان میں آباء واجداد کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں شامل پاکستانی مرداور خواتین اہلکاروں کو بھی خراج تحسین پیش کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سفیروں اور سفارتکاروں کی بڑی تعداد نے پاکستان مستقل مندوب ملیحہ لودی کے ہمراہ مل کر کیک کاٹا ۔

اس موقع پر پاکستانی مشن نے قیام پاکستان کی تحریک اور تاریخی مناظر کی تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا ۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے امن مشن میں خدمات سرانجام دینے والی خواتین اہلکاروں کی بھی تصویری نمائش ہوئی ۔ اس کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارنامے سرانجام دینے والی پاکستانی خواتین رہمنمائوں بشمول بینظیر بھٹو ، محترمہ فاطمہ جناح ، ملالہ یوسفزئی اور بینکار شمشاد اخترکی تصاویر کی نمائش بھی ہوئی ۔

تقریب کے دوران پاکستانی نوجوان سنگر کے ہمراہ سفارتی نمائندوں اور سفارتکاروں اور پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے ملکر دل دل پاکستان ملی نغمہ گایا ۔ تقریب میں عرب ممالک ، یورپی یونین ، لاطینی اور افریقی مالک سمیت چین ، روس، ایران ، بھارت ، ترکی، ایران ، اٹلی ، برازیل ، سعودی عرب ، انڈونیشیا ، ملائشیا ، ویت نام اور کروشیا کے سیفیروں اور سفارتکاروں اور ملکی و غیرملکی صحافیوں نے شرکت کی ۔