اپنی روایات و ثقافت پر فخر ہے،

ہزارہ کلچر کے فروغ کیلئے ہر ممکن کردار ادا کریں گے، سینیٹر طلحہ محمود

ہفتہ 24 مارچ 2018 12:44

اپنی روایات و ثقافت پر فخر ہے،
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2018ء) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سینیٹر طلحہ محمود نے کہا ہے کہ اپنی روایات و ثقافت پر فخر ہے، ہزارہ کلچر کے فروغ کیلئے ہر ممکن کردار ادا کریں گے، ہزارہ کلچر شو ہزارہ کی ثقافت کے فروغ اور ہزارہ کے فنکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے احسن اقدام ہے، اس طرح کے پروگراموں سے ہماری ثقافت کو فروغ ملے گا۔

وہ پی این سی اے میں ہزارہ جرنلسٹس فورم کے زیراہتمام ہزارہ کلچر شو میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خطہ ہزارہ سیاحت و ثقافت کی دولت سے مالا مال ہے، ہم اسی ثقافت کے امین ہیں اور اس کی حفاظت کیلئے ہر ممکن کردار ادا کریں گے، ہزارہ جرنلسٹس فورم نے صحیح معنوں میں ہزارہ کا کلچر متعارف کرایا، آرگنائزر مبارک باد کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

صدر نیشنل پریس کلب طارق چوہدری نے کہا کہ صحافی اپنے قلم و کیمرہ کے ذریعہ اپنے ثقافتی اقدار کی حفاظت کر سکتے ہیں، ہزارہ کلچر کے فروغ کی کوششیں قابل قدر ہیں۔ جہانداد تنولی نے کہا کہ شو احسن اقدام ہے، فن و فنکار کی حوصلہ افزائی کریں گے، ہزارہ کلچرل شو کی کمپیرئنگ کے فرائض شگفتہ خان اور حجاب خان نے سرانجام دیئے۔ جنرل سیکرٹری ہزارہ جرنلسٹس فورم نے ہزارہ کی ثقافت کے حوالہ سے دستاویزی فلم پیش کی، فنکاروں میں راج ولی، ظاہر خان، بشیر گجر ہزاروی، اشرف دوتاروی، عثمان ہزاروی، سردار عادل، انس تنولی اور باسط و دیگر نے روایتی ماہیوں، ٹپوں اور گیتوں سے شرکاء کے دل جیت لئے اور خوب داد وصول کی۔

تقریب میں پی ٹی آئی رہنما شہزاد گل، ملک اخلاق اعوان، شکیل احمد، صدیق انظر، علی رضا علوی، راجہ جاوید، رانا کوثر، امجد صدیق، ڈاکٹر صداقت، ملک زبیر، انجم عباسی، حسیب عباسی سمیت ہزارہ اور راولپنڈی اسلام آباد کے صحافیوں اور خواتین، بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ہزارہ سٹوڈنٹس کونسل کے طلبہ اور حاضرین میں نوجوانوں نے روایتی رقص پیش کیا اور شرکاء سے داد وصول کی۔ اس موقع پر فنکاروں کو فخر ہزارہ ایوارڈ بھی دیئے گئے۔