اطالوی اعلیٰ تعلیمی وفد کا لاہور کی مختلف یونیورسٹیز کا دورہ

پاکستانی اور اطالوی جامعات کے مابین باہمی تعاون کی راہ ہموار کرنے کے حوالے سے بات چیت

ہفتہ 24 مارچ 2018 11:49

اطالوی اعلیٰ تعلیمی وفد کا لاہور کی مختلف یونیورسٹیز کا دورہ
لاہور۔24 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2018ء) اطالوی اعلیٰ تعلیمی وفد نے گزشتہ روزصوبائی دارلحکومت لاہور کی مختلف یونیورسٹیز کا دورہ کیااور نیشنل کالج آف آرٹس کے ساتھ باہمی معاہدے کی یاداشت پر دستخط بھی کئے۔اطالوی منسٹری آف ایجوکیشن کے انٹرنیشنلائزیشن آف ہائر ایجوکیشن یونٹ کے سربراہ پروفیسر فیڈریکوسنکوئن پلامی اطالوی وفد کے سربراہ تھے جبکہ ساپینزا یونیورسٹی کے ریکٹر کے نمائندہ برائے تعاون پروفیسر کارلو جیووانی کیریٹی ، یونیورسٹی ڈی ونیزا کے ڈیپارٹمنٹ آف پولیٹیکل اکانومی اور اکنامک پالیسی کی ایسوسی ایٹ پروفیسر مارگریٹا تروانی ، ڈائریکٹر ڈیپارٹمنٹ آف سول اور انوائرمنٹ انجینئرنگ پولیٹیکنیکو ڈی ملانو ، ڈائریکٹر ڈیپارٹمنٹ آف اسٹڈیز آن ایشیاء اینڈ میڈیٹرینین افریقہ ، پروفیسر ڈاکٹر ماکو کیریسا اور دیگر اہم اطالوی شخصیات موجود تھیں ایچ ای سی کی طرف سے فیڈرل ہائرا یجوکیشن کمیشن پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل نذیر حسین اور ڈپٹی ڈائریکٹر بشیر محمد نے اطالوی وفدکا استقبال کیا اور صوبے کے مختلف تعلیمی اداروں کے وزٹ میں رہنمائی کی۔

(جاری ہے)

اطالوی وفد نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن اینڈڈیزائن،یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی،لاہور یونیورسٹی آف منیجمنٹ سائنسزاور این سی اے کے دورے کے موقع پر پاکستانی اور اطالوی جامعات کے مابین باہمی تعاون کی راہ ہموار کرنے کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔ دونوں اطراف سے اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ باہمی ریسرچ پراجیکٹس ، وظائف کا اجراء ، طلباء کی آمد و رفت اور اساتذہ کے تبادلے جیسے اقدامات کیے جائیں گے ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل فیڈرل ہائر ایجوکیشن کمیشن پنجاب نذیر حسین نے بتایا کہ2002 ء میں اپنے قیام کے بعد سے ایچ ای سی پاکستان میں اعلی تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں ہے ، ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ابتداء میں اعلی تعلیم تک رسائی کی راہ ہموار کی اور اس کے بعد اس بات پر زور دیا کہ جامعات میں ہونے والی تحقیق ملکی مسائل کوحل کرنے میں کارگر ثابت ہو۔

انھوں نے بتایا کہ 2002میں پاکستان میں جامعات کی تعداد 59تھی جبکہ اس وقت سرکاری اور نجی جامعات کی تعداد 188ہو چکی ہے ، سال 2002میں ریسرچ پبلیکیشنز کی تعداد 800 پبلیکیشنز سالانہ ہوتی تھی جو کہ اب 12,000کے ہندسے کو عبورکرتی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور کمیشن اطالوی شعبہ تعلیم کے ساتھ مل کر دونوں ممالک میں اعلی تعلیم کے شعبہ میں ترقی اور بہتری کے لیے کام کرنے کے لیے پر عزم ہے ۔

پروفیسر کارلو جیووانی کیریٹی نے اے پی پی کوبتایا کہ اطالوی تعلیمی اداروں کی ایک لمبی تاریخ ہے ، عالمی رینکنگ میں ساپینزا یونیورسٹی کو تحقیق اور تعلیم کی بہترین کوالٹی کے باعث انتہائی اہمیت حاصل ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ یہ جامعہ بہت سے شعبہ جات میں عالمی رینکنگ میں اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتی ۔پروفیسر کارلو نے بتایا کہ اطالوی شعبہ تعلیم اپنے ملک میں انگریزی میں تعلیمی نظام لانے کے لیے کوشاں ہے ۔

متعلقہ عنوان :