جاپانی شخص نے مفت کھیلی جانے والی موبائل گیم پر بھی 70 ہزار ڈالر خرچ کر دئیے

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 23 مارچ 2018 23:53

جاپانی شخص نے مفت کھیلی جانے والی موبائل گیم پر بھی 70 ہزار ڈالر خرچ ..

موبائل ویڈیو گیمز نہ صرف وقت گزاری کے لیے کھیلی جاتی ہیں بلکہ ویب ڈویلپرز کے لیے منافع بخش ذریعہ بھی ہیں ۔اس کی مثال جاپان کا 31 سالہ شخص ڈیگو ہے جس نے ستر ہزار ڈالر سے زائد رقم اپنی پسندیدہ گیم پر خرچ کر ڈالی ہے۔
سونی کارپوریشن کی دوسری بہت سی گیمز کی طرح  صارفین Fate/Grand Order کو بالکل مفت ڈاؤن لوڈ کر کے کھیل سکتے ہیں۔مفت ہونے کے باوجود کمپنی کی اس سال کی کمائی 1 ارب ڈالر تک جا پہنچتی ہے۔

مفت گیمز میں کمپنی کی کمائی کا ذریعہ ایسے کھلاڑی بنتے ہیں جو ویڈیو گیم کے کرداروں کو خریدنے اور تیزی سے گیم میں آگے بڑھنے کے لیے اپنی حقیقی رقم سے ادائیگی کرتے ہیں۔ ڈیگو کا اندازہ ہے کہ وہ اپنے اس "مشغلے" پر  ستر ہزار ڈالر سے زائد رقم خرچ کر چکا ہے۔ دیکھا جائے تو ڈیگو کی اس مصروفیت کو مشغلہ کا نام دینا ٹھیک نہیں ہے کیونکہ ڈیگو ہمہ وقت یہ گیم کھیلنے میں مصروف رہتا ہے اور صرف سونے، ڈرائیونگ کرنے اور نہانے کے وقت گیم نہیں کھیلتا۔

(جاری ہے)

شاید یہ بات اس کا جنون لگے لیکن وہ اپنی رقم اس گیم پر خرچ کرکے بہت خوشی محسوس کرتا ہے کیونکہ اس سے وہ ہمیشہ لطف اندوز ہوتا ہے۔
ڈیگو نے وال سٹریٹ جرنل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ "کچھ لوگ 18 ڈالر کی فلم دیکھ کر ہی دل خوش کر لیتے ہیں۔میں ستر ہزار ڈالر Fate/Grand Order پر خرچ کر چکا ہوں لیکن مزید کھیلنا چاہتا ہوں۔" اس کے مطابق گیم میں کہانی کے کرداروں کے ساتھ آپ کی دلچسپی دلی لگاؤ میں بدل جاتی  ہے جس کے بعد آپ ان کے لیے حقیقی احساسات رکھتے ہوئے ان کے دکھ پر غمزدہ اور خوشی پر خوش ہوجاتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ آپ اس گیم کو مزید بہتر اور کرداروں کو طاقتور بنانے کے لیے اپنی رقم تک خرچ کرنے کو تیار ہوجاتے ہیں۔ ' Fate/Grand Order' اپنے کھلاڑیوں کو نئے "غلام" لینے کے لیے گیم کرنسی کوارٹز خرچ کرنے کی اجازت دیتی ہے لیکن گیم میں بہت سے مشن ایسے ہوتے ہیں جن کو پورا کرنے میں آپ ناکام رہ جاتے ہیں اس لیے اگر آپ کو جیتنا ہے تو اس کے لیے آپ کو اپنی اصل رقم خرچ کرنا ہوگی۔


ڈیگو ایک کردار کی خریداری پر 500 ڈالر ادا کرکے اپنی کلیکشن میں اضافہ کر لیتا ہے اور پھر اسے مزید طاقتور بناکر اگلے لیول پر بڑھانے کے لیے 2500 ڈالر ادا کرتا ہے۔
ڈیگو گیم پر خرچ کرنے کے لیے اتنی زیادہ رقم کہاں سے لاتا ہے اس کے جواب میں اس کا کہنا تھا کہ اس نے سٹاک میں سرمایہ کاری کر کے اور مستقبل کے لیے کی گئی بچت سے یہ رقم خرچ کی ہے۔تاہم اس کے والدین اس بات سے حقیقتاً بے خبر ہیں۔