یوم پاکستان ، نیویارک پاکستان ہائوس میں پرچم کشائی کی تقریب ، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے قومی پرچم لہرایا

جمعہ 23 مارچ 2018 22:32

یوم پاکستان ، نیویارک پاکستان ہائوس میں پرچم کشائی کی تقریب ، اقوام ..
نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء) یوم پاکستان کی مناسبت سے نیویارک کے پاکستان ہائوس میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر پاکستان کا قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اس موقع پر صدر مملکت ممنون حسین اور نیویارک میں پاکستان کے قونصلر جنرل راجہ علی اعجاز نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا پیغام پڑھ کر سنایا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے قیام پاکستان میں قرارداد پاکستان کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے بابائے قومی محمد علی جناح اور ان کے ساتھ تحریک میں شامل ساتھیوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم قائد کے وژن کو حقیقت کا روپ دینے میں پرعزم ہیں اور اس بات کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ لوگوں کو انصاف ملے اور ترقی کے ثمرات سے تمام طبقات کو یکساں فائدہ پہنچے۔ تقریب میں پاکستانی مشن اور قونصل خانہ کے اہلکاروں، ان کے اہل خانہ اور اقوام متحدہ کے پیس کیپنگ مشن میں شامل پاکستانی مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں نے شرکت کی۔