بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

جمعہ 23 مارچ 2018 22:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء) بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں بھی 23مارچ کو وطن عزیز کا یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا،پرچم کشائی کی تقریبات میں ان ممالک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔ چین کے دارالحکومت بیجنگ میںپاکستانی سفارتخانے میں یوم پاکستان قومی جوش وجذبے سے منایا گیا۔

یوم پاکستان تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہواجبکہ پاکستان کے سفیرمسعود خالد نے قومی پرچم لہرایا اور اس موقع پر قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔ تقریب میں پاکستان کے سفیرمسعود خالد نے صدرمملکت اور وزیراعظم پاکستان کے یوم پاکستان کے حوالہ سے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے اوراپنے خطاب مین پاک چین دوستی اور سی پیک کی اہمیت اورتجارت،دفاع،سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں کثیرالجہت دوطرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی اور پاکستانی برادری پر زوردیا کہ وہ قومی مقاصد کے حصول کیلئے متحد ہو کر کام کریں اور ملک کی عزت و وقار، ترقی اور خوشحالی میں اضافے کے حوالے سے بانی پاکستان کے خوابوں کی تعبیرکو ممکن بنانے کیلئے اپناکردارا دا کریں۔

(جاری ہے)

تقریب میں چین میں مقیم پاکستان برادری کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔چینگ ڈو، گوانگ ژو، ہانگ کانگ اورشنگھائی میں بھی پاکستانی قونصلیٹس میں بھی اسی طرح کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔ تھائی لینڈکے دارالحکومت بنکاک میں پاکستانی سفارتخانے میں23 مارچ کو یوم پاکستان کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے ماحولیاتی تبدیلی کے وفاقی وزیر سینیٹر مشاہد اللہ خان نے خطاب کیا۔

اس موقع پر انہوں نے قیام پاکستان کے لئے تحریک پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور تحریک پاکستان میں دی جانے والی لازوال قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی خواہشات کے مطابق پاکستان کی تعمیروترقی کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے تھائی لینڈ میں قومی دن کے حوالہ سے تقریب کے انعقاد پر بنکاک میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد کی کاوشوں کو سراہا۔

تھائی لینڈ میں مقیم پاکستانی برادری نے تقریب میں کثیر تعداد میں شرکت کی۔انقرہ میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم پاکستان کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ، اس موقع پر قومی ترانے کی دھن کے دوران ترکی میں پاکستان کے سفیر محمد سائرس سجاد قاضی نے قومی پرچم لہرایا۔ تقریب میں پاکستانی برادری اور ترک یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم پاکستانی طلباء اور پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے اپنے اہل خانہ سمیت شرکت کی۔

تقریب میں پاکستان ایمبیسی سکول انقرہ کے طلباء نے قومی نغمے بھی گائے۔ اس موقع پر پاکستان کے سفیر سائر س قاضی اور ان کی اہلیہ شازا سائرس نے پاکستانی بچوں کے جھرمٹ میں کیک کاٹا۔ قبل ازیں اسلام آباد میں یوم پاکستان کے موقع پر خصوصی پریڈ میں ترکی کی مسلح افواج کے T -129 اے ٹی اے کے ہیلی کاپٹروں نے فضائی مظاہرے میں حصہ لیا۔ ادھر صدر مملکت ممنون حسین نے ترکی کے معروف ماہر تعلیم اور سابق رکن پارلیمنٹ پروفیسر ڈاکٹر اویا ایکگونگ کی پاکستان ترکی کے تعلقات کے فروغ کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں کے اعتراف میں انہیں تمغہ امتیاز سے نوازنے کی بھی منظوری دی ہے۔

سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر اور پاکستانی برادری کی جانب سے 78واں یوم پاکستان روایتی جوش وجذبے سے منایا گیا اور اس موقع پر پاکستان کے استحکام، ترقی اور ایک جمہوری فلاحی ریاست بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔یوم پاکستان کے حوالہ سے 23 مارچ کی صبح پاکستانی ہائی کمیشن سری لنکا میں ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان کے قائمقام ہائی کمشنر نے قومی پرچم لہرایا۔

تقریب میں پاکستان ، سری لنکا فرینڈ شپ، ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ ایسوسی ایشن، پاک سری لنکا بزنس کونسل اور سری لنکا میں مقیم پاکستانی برادری سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں بھی یوم پاکستان کے موقع پر جمعہ کو پاکستانی ہائی کمیشن میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کے نائب سفیر شاہ فیصل کاکڑ نے قومی پرچم لہرایا۔

اس موقع پر انہوں نے صدرمملکت اور وزیراعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے۔ شاہ فیصل کاکڑ نے پاکستانی برادری کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی اور اتحاد، تنظیم اورنظم کے سنہرے اصولوں پرکاربند رہنے کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوں نے کہا کہ 23مارچ کا دن ہمیں اپنے پیارے وطن کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنے بزرگوں کے نقش قدم پرچلنے کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے سی پیک سمیت دیگرمختلف کامیابیوں کے حوالہ سے موجودہ حکومت کی کاوشوں پر روشنی ڈالی اورکہا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ خطے سمیت پوری دنیا کیلئے گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا۔ یوم پاکستان کی تقریب میں مختلف ممالک کے سفارتکاروں، سفارتی نمائندوں سمیت مقامی افراد نے شرکت کی۔جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں پاکستانی سفارتخانے میں بھی یوم پاکستان کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں جاپان کے امور خارجہ کے پارلیمنٹری نائب وزیر مانا بوہوری، جاپان پاکستان فرینڈ شپ لیگ کے صدر سس ہیرو ہیٹو،اراکین پارلیمنٹ نٹ سو یاما گوچی، ہاؤس آف کونسلرز/چیف ریرپریذنٹیٹو آف کومیٹو ہیرو فومی ناکا سومی، سابق وزیر خارجہ اور ہاؤس کونسلرزکے اراکین میڈوری میٹ سو شیما،ہاکوشکن سمیت مختلف ممالک کے سفیروں، سفارتی عملے اور جاپانی حکومت کے اعلیٰ حکام، دفاعی اتاشیوں، تھینک ٹھیکس ، تعلیمی اداروں کے سربران، میڈیا کے اراکین، کاروباری شخصیات، سول سوسائٹی کے اہم اراکین سمیت جاپان میں مقیم پاکستانی برادری نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے پاکستان کے سفیر اسد ایم خان نے خطاب بھی کیا 23 مارچ 1940ء کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ تقریب سے جے پی پی ایف ایل کے صدر سش ہیرو ہیٹو نے بھی خطاب کیا۔سنگا پور میں 23مارچ 2018ء کو یوم پاکستان قومی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا۔ دن کا آغاز ہائی کمشنر نصرالله خان نے قومی پرچم لہرا کر کیا۔ تقریب میں ہائی کمیشن کے حکام سمیت پاکستانی برادری اور صحافتی حلقوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔قومی دن کی تقریب کا انعقاد ایک مقامی ہوٹل میں کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔سعودی عرب میں پاکستانی سفرتخانہ اور جدہ میں پاکستانی قونصل خانہ میں بھی یوم پاکستان کی پروقار تقریبات منعقد ہوئیں پاکستانی سفیر خان ہاشم بن صدیق اور قونصل جنرل شہریار احمد نے پرچم کشائی کی تقاریب کا انعقاد کیا ان تقریبات میں چین،امریکہ،جنوبی افریقہ ، ترکی، اٹلی، جاپان، مصر،اردن،سری لنکا اور برونائی سمیت دیگر غیر ملکی سفارتکاروں ، سعودی حکام اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اراکین نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ شرکت کی۔

متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے بھی یوم پاکستان ملی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا،ابوظہبی مین پاکستانی سفارتخانہ اور دبئی کے قونصل خانہ میں پر وقار تقریبات کا انعقاد ہوا ،ان تقریبات کا آغاز پرچم کشائی کے ساتھ کیا گیا پاکستانی سفیر معظم احمد خان نے قومی ترانہ کی دھن کے ساتھ پرچم کشائی کی اور خطاب کیا۔دبئی میں پاکستانی قونصل جنرل برگیڈیئر (ر) سید جاوید حسن نے بھی قونصل خانہ میں یوم پاکستان کے موقع پر پرچم کشائی کی اور پاکستانی برادری کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے رواداری شیخ نہیان بن مبارک النہیان اور سٹیٹ منسٹر ڈاکٹر مائتھا بنت سالیم الشمسی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن مین بھی یوم پاکستان کے موقع پر پر وقار تقریب ہوئی جس میں میئرز،کونسلرز،کمیونٹی قائدین،پاکستانی برادری،فارن اینڈ کامن ویلتھ دفتر کے حکام،پاکستان کے برطانوی دوستوں،پاکستان پیس کلیکٹیو،طلباء اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے وفود نے تقریب میں شرکت کی۔

برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس نے پرچم کشائی کی اور شرکاء سے خطاب میں صدر مملکت اور وزیراعظم کے یوم پاکستان کے حوالے سے پیغامات پڑھ کر سنائے۔انھوں نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح اور دیگر تحریک آزادی کے قائدین کے عزم ،جرآت اورجدوجہد کو سلام پیش کیا جس کے نتیجہ میں14اگست1947کو پاکستان معرض وجود میں آیا۔آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا میں پاکستانی ہائی کمیشن میں بھی یوم پاکستان ملی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا آسٹریلیا کے محکمہ امورخارجہ و تجارت کے چیف آف پروٹوکول لینڈال سیچس اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔

تقریب مین غیر ملکی سفارتکاروں،مقامی دانشوروں،ذرائع ابلاغ کے نمائندوں ایلی سطحی آسٹریلوی حکام اور کینبرا، سڈنی،ملبورن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ارکان نے اہل خانہ کے ہمراہ شرکت کی۔روایتی ملبوسات مین ملبوس بچوں نے ملی نغمے اوررنگا رنگ پروگرام پیش کئے ۔پاکستانی ہاء کمشنر نائلہ چوہان نے پرچم کشائی کی اور اپنے کطاب مین یوم پاکستان کے تاریخی پس منظر اور پاک۔آسٹریلیا دو طرفہ کثیر الجہت تعلقات پر روشنی ڈالی۔اسی طرح دیگر مملک میں قائم پاکستانی سفارتخانوں میں بھی یوم پاکستان کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :