ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی ایک اور ٹیم 2019 ورلڈکپ سے باہر ہوگئی

جمعہ 23 مارچ 2018 22:18

ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی ایک اور ٹیم 2019 ورلڈکپ سے باہر ہوگئی
ہرارے۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء) افغانستان نے آئندہ برس شیڈول آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیا، افغانستانی ٹیم نے ورلڈ کپ کوالیفائر سپر سکس مرحلے کے آخری میچ میں آئرلینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے نہ صرف ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنائی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ 2019ء ورلڈ کپ کیلئے بھی ٹکٹ کٹوا لیا، فاتح ٹیم نے 210 رنز کا ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر 5 وکٹوں پر پورا کیا، محمد شہزاد نے 54 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا، کپتان اصغر ستانک زئی 39 اور نجیب اللہ زدران 17 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، شہزاد میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو کھیلے گئے ورلڈ کپ کوالیفائر سپر سکس مرحلے کے آخری میچ میں آئرش ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے، پال سٹرلنگ 55 رنز بنا کر نمایاں رہے، کیون اوبرائن 41، نیل اوبرائن 36، کپتان ولیم پورٹرفیلڈ 20، بلبرائن 11، سیمی سنگھ 15 اور گیری ولسن 11 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، میکبرائن 11 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، راشد خان نے 3، دولت زدران نے 2 اور محمد نبی نے ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں افغانستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، محمد شہزاد اور گلبدین نائب نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 86 رنز کا جاندار آغاز فراہم کر کے اس کی جیت کی بنیاد رکھی، شہزاد 54 اور گلبدین 45 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، رحمت شاہ 12، سمیع اللہ شنواری 22 اور محمد نبی 12 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کپتان اصغر ستانک زئی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی، انہوں نے نجیب اللہ کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح دلائی، اصغر 39 اور نجیب اللہ 17 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، سیمی سنگھ نے 3 وکٹیں لیں۔

متعلقہ عنوان :