سنٹرل ایشیائی ممالک منفی پروپیگنڈہ ختم کرنے اور سیاحت کے فروغ میں پاکستان کی مدد کریں، چوہدری عبدالغفور

جمعہ 23 مارچ 2018 22:18

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء) منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم چوہدری عبدالغفور نے حکومت پاکستان کی دعوت آئے ہوئے پر سنٹرل ایشیا کے ممالک کے وفود کے اعزاز میں راولپنڈی ظہرانہ دیا۔ کرغزستان، قازقستان، ترکمانستا ن، تاجکستان اور ازبکستان سے 30رکنی وفود نیشنل سیکوریٹی ڈویڑن ، وزیراعظم سیکریٹریٹ کی دعوت پر 19سے 24مارچ کے دوران پاکستان کے دورے پر ہیں۔

منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم چوہدری عبدالغفور نے وفد کو فلشمینز ہوٹل میں آمد پر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر ہوٹل کو رنگا رنگ بینرز، غباروں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا۔ اس موقع پرثقافتی ڈانس اور لوک موسیقی کے پروگرامز بھی پیش کیے گئے۔ منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم چوہدری عبدالغفور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سنٹرل ایشیائی ممالک کے ساتھ پاکستان سے دیرینہ و مسلم برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور اس وفد کے دورے سے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

پاکستان میں سیاحت کے ان گنت مواقع موجود ہیں اور پاکستان کے لوگ سیاح دوست ہیں اور ہماری عوام وسطی ایشیا کے ممالک سے برادرانہ محبت رکھتے ہیں۔ مغربی میڈیا میں پاکستان سے متعلق کچھ منفی تاثر پیش کیا گیا ہے لیکن صورتحال یکسر مختلف ہے۔ پاکستان سیاحوں کیلئے مکمل پٴْر امن ملک ہے۔ ہم نے دنیا بھر کے سیاحوں کیلئے اپنے دروازے کھول دئیے ہیں تاکہ آئیں اور صورتحال کو خود دیکھیں اور ہماری میزبانی سے لطف اندوز ہوں۔

خنجراب تا کراچی پاکستان میں سیاحت کے مواقعوں کی کمی نہیں اور ہر قسم کی سیاحتی دلچسپیاں موجود ہیں چاہے وہ برفپوش پہاڑ ہوں، بل کھاتی ندیاں، قدرتی وادیاں، سمندرو صحرا ، بس نام لینے کی ضرورت ہے اور وہ سیاحتی مقام پاکستان میں موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاحوں کی آمدو رفت میں اضافے کیلئے ویزہ آن ارائیول کی سہولت فراہم کی گئی ہے جسے مزید ملکوں کیلئے بھی متعارف کروانے پر غور کیا جارہا ہے۔

پاکستان میں سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کی تفصیلات وسط ایشیا کے ممالک کے نمایاں سرمایہ کاروں کو بھیجی جائے گی۔ سیاحتی شعبے میں تعاون میں تیزی لانے کیلئے قومی سیاحتی اداروں پرائیوٹ سیکٹر اداروں میں ہم آہنگی بڑھانی ہوگی۔سنٹرل ایشین ممالک پاکستانی نوجوانوں کیلئے سیاحتی شعبے میں سپانسرڈ ٹریننگ پروگرامز کا اجرا کریں اور مغربی میڈیا کے پاکستان سے متعلق منفی پروپیگنڈہ ختم کرنے میں ہماری مدد کریں۔

ازبکستان کے وفد کی قیادت سابق وائس پرائم منسٹر اکراموف ادھم الھامووچ کر رہے ہیں جبکہ کرغزستان وفد نیشنل انسٹی ٹیوٹ برائے سٹریٹیجک سٹڈیز کے ڈائریکٹر بدلیٹوو نورعادل ایسنبیکووچ کی قیادت میں پاکستان آیا ہے۔ قازقستان وفد کی نمائندگی ڈپٹی منسٹر جارجی دیوبسٹیو کر رہے ہیں۔ ترکمانستا ن وفد کے سربراہ ڈپٹی منسٹر مردن بیرم دردیوف جبکہ تاجکستان وفد کی قیادت ڈاکٹر خوداباردی خولقنذر ، کر رہے ہیں۔

کرغزستان وفد نیشنل انسٹی ٹیوٹ برائے سٹریٹیجک سٹڈیز کے وفد کے سربراہ بدلیٹوو نورعادل ایسنبیکووچ نے کہا کہ پاکستان آمد پر پاکستانی عوام کی گرمجوشی قابل فخر ہے اور ہمیشہ یاد رہے گی۔ کرغزستان اور پاکستان کے مابین سیاحوں کی آمدورفت میں اضافے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔ قازقستان وفد کے سربراہ ڈپٹی منسٹر جارجی دیوبسٹیو نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے مابین فلائٹس کا اجرا کیا جائے گا اور سیاحتی اداروں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ تاجکستان وفد کے سربراہ ڈاکٹر خوداباردی خولقنذرنے کہا کہ سیاحتی شعبے میں سپانسرڈ ٹریننگ پروگرامز شروع کیے جائیں گے اور تمام سنٹرل ایشیائی ممالک کے باہمی تعاون سے روڈ لنک اور فلائٹس کی آمدورفت یقینی بنائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :