پاک فضائیہ کے سربراہ ، ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے یومِ پاکستان پریڈ پر فلائی پاسٹ کی قیادت کی

پاکستان کی عظیم قوم کو سلام پیش کرتا ہوں، پاکستان زندہ باد"،ایئرچیف مارشل مجاہدانورخان

جمعہ 23 مارچ 2018 21:27

پاک فضائیہ کے سربراہ ، ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے یومِ پاکستان ..
ٰاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2018ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ، ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے یومِ پاکستان پریڈ کے موقع پر فلائی پاسٹ کی قیادت کی۔ائیر چیف جنہوں نے 19 مارچ ، 2018ء کو پاک فضائیہ کی کمان سنبھالی اپنی پیشہ وارانہ فراست اور شوق ِپرواز کی وجہ سے مشہور ہیں، اپنے پیشروئوں کی روایت کو مدِنظر رکھتے ہوئے، F-16 Block 52 طیارے میں محو پرواز ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پریڈ اسکوائر کے اوپر ایک شاندار ورٹیکل رول (Vertical Roll) کا مظاہرہ کیا اور جہاز سے ریڈیو کمیونیکیشن کے ذریعے پا کستانی قوم کے عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا " میں پاکستان کی عظیم قوم کو سلام پیش کرتا ہوں، پاکستان زندہ باد" ۔

محو حیرت اور پر جوش حاضرین ائیر چیف کے جہاز کو آسمانوں کی بلندیوںمیں غائب ہوتے دیکھتے رہ گئے اور انہوں نے بھر پور تالیاں بجا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں پاک فضائیہ کے سربراہ یوم پاکستان پریڈ میں شریک پاک فضائیہ کی فارمیشن کی قیادت کے لیے پی اے ایف بیس مصحف پہنچے۔انہوں نے بیس پر موجود فضائی اور زمینی عملے سے ملاقات کی اور ان کے غیر معمولی عزم اورجذبے کو سراہا۔

ائیر چیف کے بعد، ائیر وائس مارشل عامر مسعود ، ائیر آفیسر کمانڈنگ، سنٹرل ائیر کمانڈ کی زیرِکمان، F-16 طیاروںکی فور- شپ -باکس فارمیشن سلامی کے چبوترے کے پاس سے گزری۔ F-16s کے فورا،ْ بعد ، F-17 Thunder طیاروں کی فارمیشن گزری جس کی کمان ونگ کمانڈر اسد کے پاس تھی جو قومی پرچم کے رنگوں میں رنگے ہوئے JF-17 Thunder طیارے میں محوِ پرواز تھے۔ اس کے بعد ونگ کمانڈر یاسر منہاس کی قیادت میں Mirage طیاروں کی فارمیشن نمودار ہوئی جن کے پیچھے F-7PG اور F-7P طیاروں کی فارمیشن نے بالترتیب ونگ کمانڈر احمد بلال میر اور ونگ کمانڈر احسن ریاض کی قیادت میں شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

لڑاکا طیاروں کے علاوہ ، پاک فضائیہ کے فضائی نگرانی کر نے والے طیاروں نے بھی اس فلائی پاسٹ میں شرکت کی۔ پہلے Eagle-3 AWACS Karakoram طیارہ وینیو کے اوپر سے گزرا جسے ونگ کمانڈر فیصل نواز اڑا رہے تھے۔ جبکہ اس کے ساتھ ساتھ دو SAAB 2000 AEW&C طیاروں کی فارمیشن ونگ کمانڈر خیام عباس اور ونگ کمانڈر ایزد شہزاد کی قیادت میں محو پرواز تھی ۔بعد ازاں پاک فضائیہ کے کمبیٹ سپورٹ جہازوں نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا ۔

فضاء سے فضاء میں ایندھن بھرنے والے دیو ہیکل طیارے IL-78 جسے ونگ کمانڈر زاہد اقبال اڑا رہے تھے، کے ساتھ دو C-130 ہر کولیس طیارے وینیو کے اوپر سے گزرے جن کی کمان ونگ کمانڈر سید نثار نبی اور ونگ کمانڈر عمران بابر کے ہاتھ میں تھی۔ اس شاندار پریڈ کی ایک اہم بات پاک فضائیہ میں حال ہی میں شامل کیے گئے آگسٹا ہیلی کاپٹرز کا فلائی پاسٹ تھا ۔ اس فارمیشن کی قیادت ونگ کمانڈر عرفان زیب نے کی۔

بعد ازاں پاک فضائیہ کے تربیتی اور لڑاکا طیاروں نے شاندار ائیرو بیٹکس کا مظاہرہ کیا ۔ پہلے نو K-8 طیاروں پر مشتمل شیر دل کے نام سے جانے جانیوالی فارمیشن افق پر قوس قزح کے رنگ بکھیرتی ہوئی نمودار ہوئی جس کی قیادت ونگ کمانڈر خالد متین کر رہے تھے ۔ حاضرین K-8 Advance Jet Trainer طیاروں کے کرتب دیکھ کر بہت محظوظ ہوئے اور انہوں نے تالیوں او ر ولولہ انگیز نعروں سے انہیں خوب داد دی۔

شیر دل ایروبیٹک ٹیم کی سنسنی خیز پر فارمنس کے بعد پاکستانی پرچم کے رنگوں سے مزین ملکی ساختہJF-17 Thunder طیارہ فضائی کرتب دکھانے کے لئے نمودار ہوا ، جسے سکواڈرن لیڈر ذیشان بریار اڑا رہے تھے۔ حاضرین اس بہترین لڑاکا طیارے جسے بلا شبہ فخرِ پاکستان کہا جاتا ہے کے شاندارکرتب دیکھ کر مبہوت رہ گئے۔ JF-17 Thunder کے بعد پاک فضائیہ کے لڑاکا طیار ے F-16 نے solo Aerobatics کا مظاہرہ کیا۔ طیارے کے ہواباز ونگ کمانڈر یاسر شفیق نے شاندار Aerobatics کا مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین کو مسحور کر دیا ۔ پاک فضائیہ کے شاہینوں کا یہ شاندار فضائی مظاہرہ F-16 کے منظر سے غائب ہونے کے ساتھ ہی اختتام پزیر ہوگیا جوحاضرین کی پر جوش تالیوں کے شور میں آسمان کی وسعتوں میں گم ہو گیا۔