قومی مسائل کا حل صرف ایماندار قیادت سے ممکن ہے،وزیراعلیٰ پرویزخٹک

جمعہ 23 مارچ 2018 21:27

قومی مسائل کا حل صرف ایماندار قیادت سے ممکن ہے،وزیراعلیٰ پرویزخٹک
نوشہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش خطرات اور چیلنجوں سے نمٹنے اور دیگر قومی مسائل کا حل صرف ایماندار قیادت سے ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے نوشہرہ کی یونین کونسل خٹ کلے کے علاقہ مسلم ٹائون میں پی ٹی آئی یوتھ تنظیم کے زیر اہتمام شمولیتی جلسے اور مصری بانڈہ کے علاقہ اسلام آباد کورونہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔

انہوںنے مسلم آباد میں نو تعمیر شدہ سڑک کا افتتاح بھی کیا جبکہ ان علاقوں میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کی منظوری دی ۔پرویز خٹک نے کہا کہ آٹھ سال قبل پی ٹی آئی میں شمولیت سے پہلے وہ ملک اور صوبے کے سیاسی اور حکومتی حالات سے تقریباًمایوس ہوگئے تھے اور انہوں نے سیاست کو خیر باد کرنے کاارادہ کرلیا تھا مگر عمران خان کی شکل میں انہیں مخلص لیڈر مل گیا اسی لئے وزارت چھوڑ کر عمران خان کی زیرقیادت عوامی خدمت کا بیڑا اٹھایا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعلیٰ بننے کا سوچا بھی نہیں تھا مگر جب وزارت اعلیٰ سنبھالی تو یہاں آوے کا آوا ہی بگڑ ا ہوا تھاآج ساڑھے چار سال کی مختصرعرصے میں 70 سال کا گند صاف کیا گیا تمام سماجی شعبوں میں ریکارڈ اصلاحات اور قانون سازی کی گئی کمزور اور زبوں حال اداروں کو مضبوط بنایا گیا مواصلات اور تعمیرات کا نظام جدید بنیادوں پر استوار کیا گیا پرویز خٹک نے کہا کہ ہمارے دور کے ترقیاتی کام واضح طور پر نظر آرہے ہیں جو پائیداری کے لحاظ سے آئندہ دس سالوں تک کافی .وزیراعلیٰ نے کہاکہ تحریک انصاف کے منشور کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے ہر شعبے میں تبدیلی کی دیرپا بنیادیں رکھ دی ہیں۔

سرکاری سکولوں میں پرائمری کی سطح پر انگلش میڈیم کا اجراء کرکے امیر اور غریب کا امتیاز ختم کردیاہے ۔ اب غریب بھی تمام شعبوں میں امیر کا مقابلہ کرے گا یہی وہ تبدیلی ہے جس کا ہم نے عوام سے وعدہ کیا تھا ۔ صوبے کی پوری تاریخ میں کل 3500 ڈاکٹرز موجود تھے جبکہ موجودہ حکومت نے صرف پانچ سالوں میں اس تعداد کو بڑھا کر ساڑھے آٹھ ہزار کردیا جبکہ اس مختصر عرصے میں 75000 نئے اساتذہ میرٹ پر بھرتی کئے گئے۔

یہ تبدیلی نہیں تو کیا ہے ۔ یہ واحد حکومت ہے جس نے نادار خاندانوں کے علاج معالجے کیلئے صحت انصاف کارڈ جیسا غریب دوست قدم اُٹھایا ۔گزشتہ دو سالوں میں 25 لاکھ غریب خاندانوں کو یہ کارڈ جاری کئے گئے اس طرح صوبے کی پچاس فیصد غریب آبادی کو علاج کی مفت سہولیات مہیا کی گئیں اس کارڈ پر غریب ترین خاندان سالانہ پانچ لاکھ روپے تک مفت علاج کروا سکتے ہیں۔

اسی طرح پولیس سے سیاسی مداخلت ختم کی ، سفارش کلچر کا خاتمہ کیا ، میرٹ پر بھرتیاں کی گئیں اور اُنہیںاختیارات دیئے ۔ آج پولیس حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کر رہی ہے اور لوگوں کی تھانوں میں عزت بھی ہوتی ہے ۔ اگرکسی شہری کو شکایت ہو تو وہ اس کی شکایت کرے جس فوری نوٹس لیا جائے گا۔ صوبے میں کرپشن اور رشوت خوری کے خاتمے کیلئے دیر پا قانون سازی کی گئی جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ۔

عدالتوں میں عام آدمی کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنے کیلئے دیوانی مقدمات میں 108 سال کے بعد پہلی دفعہ صوبائی حکومت نے متعلقہ قانون میں ترمیم کی ہے ۔ اب دیوانی مقدمات کا فیصلہ ایک سال کے اندر سنایا جائے گا۔ یہی وہ تبدیلی ہے جس کا ہم دعوی کرتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس ملک میں علماء نے بھی حکومت بنائی مگراسلام کیلئے کچھ نہ کرسکے ۔

وہ عوام کو خود بتائیں کہ اسلام اور شریعت کیلئے زبانی جمع خرچ اور منافقانہ سیاست کے سواء کیا خدمت کی ۔ اب حالات بدل چکے ہیں ۔ پرویز خٹک نے کہاکہ اب اسلام ، روٹی ، کپڑا ، مکان اور پختون کے نعروں سے عوام کو دھوکہ نہیں دیا جا سکتا ۔پی ٹی آئی نوجوانوں کی جماعت ہے جو تبدیلی کے کارواں کا ہراول دستہ ہیں ۔ اسلئے پی ٹی آئی کا مقابلہ کوئی بھی سیاسی جماعت نہیں کرسکتی ۔