انجمن فیض الاسلام کے مختلف مراکز میں تقریبات کا فیصلہ

جمعہ 23 مارچ 2018 21:14

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء) یوم پاکستان اور انجمن فیض الاسلام کے 76 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے انجمن فیض الاسلام کے مختلف مراکز میں تقریبات کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں مصور پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبال اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا تصور پاکستان اور قومی تعمیر نو میں انجمن فیض الاسلام کا کردار کے عنوانات پر مجالس مذاکرہ ، تقاریر ، ملی نغموں اور سر کہانیو ںکے بین المدارس مقابلہ جات ، سائنسی منصوبوں اور تصویر کشی کی نمائش شامل ہے ․یہ بات انجمن فیض الاسلام کے صدر محمد صدیق اکبر میاں نے اخبار نویسوں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ․ انہو ںنے کہا کہ اس سلسلے کا پہلا پروگرام 24․ مارچ 2018ء بروز ہفتہ انجمن کے مندرہ کیمپس میں ہوگا ․ انہو ںنے کہا کہ انجمن کے زیر اہتمام ہونے والے ان پروگراموں میں نمایاں شخصیات بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گی اور بین المدارس مقابلہ جات میں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات دیں گے ․ محمد صدیق اکبر نے کہا کہ یہ ادارہ قیام پاکستان سے چار سال قبل 1943 ء میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی خواہش اور ہدایت پر قائم ہوا تھا جس کا بنیادی مقصد بنگال کے فسادات اور قحط کے نتیجے میں یتیم ہونے والے مسلمان بچوں کو رہائش ، طعام اور تعلیم کی سہولیات بہم پہنچانا تھا مگر اپنے اس بنیادی مقصد کے ساتھ ساتھ انجمن نے معاشرتی اصلاح اور تعمیر وطن کے لئے تسلسل کے ساتھ فعال اور نتیجہ خیز کردار ادا کیا ہے اور کر رہا ہے ․ یہ ایک جمہوری تنظیم ہے جو شروع دن سے سیاسی رقابتوں اور فرقہ ورانہ اورعلاقائی تعصبات میں ملوث ہوئے بغیر اسلامی اقدار ، قومی نظریات اور رفاہی اور تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ میں با مقصد کردار ادا کر رہی ہے۔