پشاور،قومی وطن پارٹی حقیقی تبدیلی پریقین رکھتی ہے، سکندر حیات خان شیرپائو

پختونوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کر رہی ہے،قومی وطن پارٹی پختونوں اور صوبہ کے پسماندہ علاقوں کی حقوق کی پامالی نہیں ہونے دے گی اور ہر محاذ پر اس کے تحفظ کیلئے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی،صوبائی چیئرمین قومی وطن پارٹی

جمعہ 23 مارچ 2018 20:58

پشاور،قومی وطن پارٹی حقیقی تبدیلی پریقین رکھتی ہے، سکندر حیات خان ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہاہے کہ قومی وطن پارٹی حقیقی تبدیلی پریقین رکھتی ہے جو کہ پختونوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں اور صوبہ کے پسماندہ علاقوں کی حقوق کی پامالی نہیں ہونے دے گی اور ہر محاذ پر اس کے تحفظ کیلئے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گائوں شیرپائو میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرمختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوںسید محمد،اکبر خان،نویدعالم،اقبال خان،اجمیر خان،سکندر خان،ذکریا،عثمان،ذیشان،حذیفہ،حمزہ،کاشف،عارف خان،نیاز خان اورانور خان نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی قائد آفتاب احمد خان شیرپائو اور سکندر حیات خان شیرپائو کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

سکندرشیرپائو نے کہا کہ غیر اہم ایشوز پر قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا گیا جس کی وجہ سے اہم قومی اور صوبائی معاملات پس پشت چلے گئے جس سے چھوٹے صوبوں اور قومیتوں کی محرومیوں میں مزید اضافہ ہوا ۔انھوں نے فاٹا کا خیبر پختونخوا میں جلد از جلد انضمام کا مطا لبہ کیا اورکہا کہ پختون قوم کے درمیان تقسیم کی لیکر ختم کرکے ان کے باہمی اتحاد اور اتفاق کومضبوط بنایا جا سکتا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ فاٹا کے عوام ملک کے برابر کے شہری ہیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ ان کو برابری کی بنیاد پر نہیں دیکھا گیاجوکہ ان کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی ہے۔انھوں نے کہا کہ ایک طرف وفاقی حکومت کی امتیازی پالیسیوں کی بدولت پختونوں کی مایوسیوں میں اضافہ ہوا تو دوسری طرف پی ٹی آئی حکومت نے پختونوں سے تبدیلی کے نام پر ووٹ لے کر بے یا ر و مدد گار چھوڑ دیا اور ان کے حق اور تحفظ کو یقینی بنانے کی بجائے نان ایشوز میں الجھ کر پختونوں کے ساتھ کئے گئے وعدے ایفا نہیں کئے۔

سکندر شیرپائونے کہا کہ حلقہ بندیوں کے معاملے کو سیاسی جماعتوں ،امیدواروں اور ووٹروں کے خواہشات کے مطابق نہیں بنایا گیا اور یہ زمینی حقائق کے برعکس ہیں۔انھوں نے کہاکہ صوبہ کے وسائل پر اختیاراور پختونوں کے حقوق کے حصول اور تحفظ کے لئے کسی قر بانی سے د ر یغ نہیں کر ینگے۔انھوں نے کہاکہ 2018قومی وطن پارٹی کا سال ہے اور آنے والے انتخابات میں پارٹی بھرپور کامیابی حاصل کرکے اپنی روایت کے مطابق پختونوں اور صوبہ کی ترقی و خوشحالی کیلئے عملی جدوجہد کرے گی ۔تقریب سے قومی وطن پارٹی ضلع چارسدہ کے جنرل سیکرٹری عارف پراچہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔