کراچی کی ترقی اور بہتری کیلئے ہمیں ایک قوم بن کر بلا امتیاز و تفریق خدمت کے جذبے سے کام کرنا چاہئے، وسیم اختر

جمعہ 23 مارچ 2018 20:40

کراچی کی ترقی اور بہتری کیلئے ہمیں ایک قوم بن کر بلا امتیاز و تفریق ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2018ء) میئرکراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ 23/ مارچ ہماری تاریخ کا اہم اور روشن دن ہے ۔

(جاری ہے)

کراچی کی ترقی اور بہتری کیلئے ہمیں ایک قوم بن کر بلا امتیاز و تفریق خدمت کے جذبے سے کام کرنا چاہئے، ہمیں قائد اعظم کے افکار کے پیش نظر اپنے باہمی اختلافات کو بھلا کر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرنا ہوگا اور مملکت پاکستان کے مقاصد کو سامنے رکھنا ہوگا، برصغیر میں تاریخی تحریک آزادی کا باقاعدہ آغاز قرار داد پاکستان منظور ہونے کے بعد ہوا تھا، یوم پاکستان کو شایان شان طریقے سے منانا پاکستان سے تجدید عہد ہے 25 مارچ کو کراچی میں PSL کا فائنل منعقد ہونا ملک خصوصاً کراچی کے باعث اعزاز ہے، کراچی میں اب بہتری آنا شروع ہوگئی ہے سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت شہر میں صفائی کا ذمہ دار سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ہے، کے ایم سی اپنے زیر انتظام سڑکوں پر کام کررہی ہے، یہ بات انہوں نے یوم پاکستان کے موقع پر کراچی کے شہریوں کی جانب سے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھانے اور فاتحہ خوانی کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میونسپل کمشنر ڈاکٹر اصغر عباس، چیئرمین قانونی امور کمیٹی عارف خان ایڈووکیٹ، چیئر مین چارجڈ پارکنگ کمیٹی محمد مرسلین، چیئرپرسن ایتھکس ( کوڈ آف کنڈکٹ) کمیٹی قراة العین خان، سینئر ڈائریکٹر کو آرڈینیشن مسعود عالم، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ حکومت نے اب کے ایم سی کو فنڈز دینا شروع کردیئے ہیں اور چیف جسٹس کے حکم کے بعد شہر میں سیوریج وکچرے کی صورتحال کو بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی چیف جسٹس کے احکامات پر عملدرآمد کررہی ہے تاہم کچرے کی صورتحال ابھی تک اطمینان بخش نہیں ہے ، انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت پورے پاکستان میں اسپورٹس کا کلچر دوبارہ بحال ہورہاہے یوم پاکستان اور PSL فائنل کے موقع پر شہریوں کا جوش خروش اور جذبہ قابل دید ہے آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی پاکستان آرہی ہے، امید ہے بہت جلد کراچی سمیت پورے ملک میں کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلے منعقد ہونگے اور ہمارے باصلاحیت نوجوانوں کو ان میں حصہ لینے اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملے گا انہوں نے کہا کہ PSL فائنل کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں، فائربریگیڈ سمیت مختلف شہری اداروں کو ان سے متعلق ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کو اس موقع پر شہر کو خوبصورتی میں اضافہ کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے ، میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان ہماری آرزئوں اور امنگوں کی منزل ہے پاکستان کا مستقبل ہم سے اور ہمارا مستقبل پاکستان سے وابستہ ہے، پاکستان کے شہری اپنے ملک کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں زندہ قومیں اپنی تاریخ کے سنہرے لمحات اور اپنے اسلاف کو کبھی فراموش نہیں کرتیں، یوم پاکستان پر ہمیں ایک بار پھر یہ عہد کرنا ہے کہ ہم اپنے شہر، صوبے اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :