پنجاب پولیس کے یونیفارم کا ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، آئی جی پنجاب

جمعہ 23 مارچ 2018 19:28

پنجاب پولیس کے یونیفارم کا ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، آئی جی پنجاب
چکوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء) آئی جی پنجاب عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں پولیس کی یونیفارم کے حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے اور اس بارے میں غور و فکر کیا جارہا ہے ، پنجاب میں مجموعی طور پر امن وامان کی صورتحال تسلی بخش ہے اور پنجاب پولیس کو عوام دوست بنانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کیے گئے ہیں۔

وہ جسٹس قاضی محمد امین کی صاحبزادی بینش فاطمہ کی بارات میں چکوال پریس کلب سے گفتگو کررہے تھے۔ بینش فاطمہ کی شادی آئی جی پنجاب کے صاحبزادے عزیر عارف کیساتھ سرانجام پائی۔ بارات میں آئی جی پنجاب کے ہمراہ پولیس کے بڑے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ آئی جی پنجاب عارف نواز خان نے اپنے ضلع چکوال میں بطور ڈی پی او تعیناتی کے دوران خوشگوار یادوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو15 کا آغاز چکوال میں اس وقت بڑا قدم تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اب موجودہ ڈی پی او نے اس ریسکیو15کو ایک بڑے پولیس خدمت مرکز میں تبدیل کر کے اچھا اقدام کیا ہے اور اسی قسم کے اقدامات پورے پنجاب کے ہر ضلع میں کیے جارہے ہیں اور لوگوں کو تھانوں سے ہٹ کر تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں آئی جی پنجاب نے بتایا کہ وہ پنجاب کے تمام اضلاع کا دورہ کرنے کی خواہش رکھتے ہیں اور اس سلسلے میں وہ ضلع چکوال کا دورہ بھی جلد ہی کریں گے۔

متعلقہ عنوان :