جامعہ سندھ جامشورو کی جانب سے یوم پاکستان شایان شان طریقے سے منایا گیا

جمعہ 23 مارچ 2018 19:14

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء) جامعہ سندھ جامشورو کی جانب سے 23 مارچ یوم قرارداد پاکستان شایان شان طریقے سے منایا گیا اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد برفت کی زیر قیادت وائس چانسلر ہائوس سے پی سی بی کرکیٹ گرائونڈ تک 200 میٹر لمبے قومی پرچم کے ساتھ فلیگ مارچ کیا گیا، جس میں جامعہ سندھ کے کیمپسز کے پرو وائس چانسلرز، مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، مختلف تدریسی و انتظامی شعبوں کے سربراہان سمیت اساتذہ، افسران، ملازمین، طلباء و طالبات کی ایک بہت بڑی تعداد شامل تھی۔

مارچ کے دوران پاکستان زندہ باد، پاکستان کا مطلب کیا، لا اللہ الاللہ، دل دل پاکستان جان جان پاکستان سمیت وطن سے محبت کے اظہار کے طور پر مختلف نعرے لگائے جا رہے تھے پی سی بی گرائونڈ پہنچے کے بعد وائس چانسلر ڈاکٹر برفت نے قومی پرچم لہرایا اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا مانگی اس موقع پر جامعہ سندھ کے بیورو آف اسٹیگس کی جانب سے ’’پیغام پاکستان: تعلیم برائے شعور، کامیابی اور برداشت‘‘ کے زیر عنوان ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس کی صدارت شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر برفت نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے قومی دن نہایت شان و شوکت سے مناتی ہیں آج کا دن منانے کا مقصد اپنے وطن پاکستان سے محبت و عقیدت کا اظہار کرنا اور ان عظیم شخصیتوں کو یاد کرنا ہے، جنہوں نے قرارداد پاکستان پیش کرنے اور اس عظیم ملک کے قیام کے حوالے سے کوششیں کیں اور جدوجہد کے حوالے سے اپنا شاندار کردار ادا کیا ڈاکٹر برفت نے کہا کہ پاکستان کی تحریک آزادی میں سندھ کا اہم کردار، کوششیں اور قربانیاں ہیں۔

(جاری ہے)

ملک کے بانی قائد اعظم محمد جناح کا تعلق بھی سندھ سے ہے، جنہوں نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی اور ایک عظیم خواب کو تعبیر دی اس حوالے سے سندھ کو ملک کے بانیوں میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی صورت میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک خوبصورت تحفہ عطا کیا ہے، جس کی حفاظت، تعمیر وترقی کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

ڈاکٹر برفت نے مزید کہا کہ جامعہ سندھ میں 200 میٹر لمبے پرچم کے ساتھ فلیگ مارچ کرکے اس جامعہ کے اساتذہ، افسران، ملازمین، طلباء و طالبات نے اپنے وطن سے محبت اور پیار کا منفرد اظہار کیا ہے ڈاکٹر برفت نے زبردست تقریب کے انتظامات کرنے پر ڈائریکٹر، بیورو آف اسٹیگس ڈاکٹر سمیرا عمرانی اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی اس موقع پر خطاب کرتے مہران ٹی وی کے سربراہ غلام نبی مورائی نے کہا کہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے، جس کی ہمیں قدر کرنی چاہئے آؤ آج کے تاریخی دن پر یہ عہد کریں کہ ملک کی ترقی کے لیے اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کریں گے اور وطن کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر جاوید میمن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی جدوجہد، کوششوں، محنتوں اور قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوا، ان قربانیوں کی قدر کرنے کی ضرورت ہے ہم سب کو زبان، رنگ، نسل اور ذات پاک کی تفریق بھلا کر صرف ایک پاکستانی قوم کی حیثیت میں دنیا کے سامنے اپنی پہچان کروانی چاہئے انہوں نے کہا کہ یکجھتی اور اتحاد کے ذریعے ملک کی ترقی میں حصہ دار بننے کی ضرورت ہے اس موقع پر جامعہ سندھ کے سید پناہ علی شاہ ماڈل اسکول جامشورو سمیت جامعہ سندھ کے مختلف شعبوں کے طلباء و طالبات نے ملی نغمے پیش کیے، جبکہ ڈاکٹر این اے بلوچ ماڈل اسکول حیدرآباد کے بچوں نے بینڈ کے ذریعے اپنی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا جبکہ وائس چیئرمین، سندھ یونیورسٹی اسپورٹس بورڈ ڈاکٹر محمودالحسن مغل، ڈائریکٹر اسپورٹس (بوائز) اجوید احمد بھٹی،ڈائریکٹر اسپورٹس (گرلز) مس مختیار بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر مریم کیریو کی زیر قیادت طلباء و طالبات نے مارشل آرٹ، باکسنگ، جمناسٹک، فٹبال، فور ان ٹو ھنڈریڈ ریلے سمیت مختلف کھیلوں کے ڈسپلے پیش کیے۔

اس موقع پر آرم ریسلنگ اور ریس کے دلچسپ مقابلے بھی ہوئے، جن میں وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد برفت سمیت جامعہ سندھ کے اساتذہ و افسران ڈاکٹر اختر حسین مغل، ڈاکٹر منیرالدین سومرو، ڈاکٹر امام الدین کھوسو، ڈاکٹر سمیرا عمرانی، مریم کیریو، ڈاکٹر امیر علی ابڑو، ڈاکٹر عبدالحفیظ ابڑو، ڈاکٹر غلام مرتضیٰ مستوئی و دیگر نے حصہ لیا جمعہ نماز کے وقفے کے بعد شام 4 بجے تقریب کی دوسری نشست میں موسیقی کے رنگوں سے ملی نغمے پیش کیے گئے۔